نظام درست کرنے کیلیے میدان میں آنا ہوگا، حمیرا طارق
لاہور (صباح نیوز) جماعت اسلامی یوتھ ویمن پاکستان کے زیرِ اہتمام یومِ آزادی کے موقع پر نظریہ پاکستان ٹرسٹ مال روڈ لاہور میں ’’یوتھ کا پاکستان‘‘ کے عنوان سے تقریب منعقد ہوئی، جس میں طالبات، نوجوان خواتین اور بچیوں نے بھرپور شرکت کی۔ تقریب کا مقصد نوجوان نسل میں حب الوطنی، نظریاتی شعور، تخلیقی صلاحیتوں اور ملک و قوم کی تعمیر و ترقی کے جذبے کو اجاگر کرنا تھا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری جنرل حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان ڈاکٹر حمیرا طارق نے کہا کہ پاکستان دنیا کے ان ممالک میں شامل ہے جہاں نوجوانوں کی بڑی تعداد موجود ہے، یہی نوجوان ملک کی سب سے بڑی طاقت اور سرمایہ ہیں۔ آج کی نوجوان نسل ٹیکنالوجی استعمال کرنا، کاروبار کرنا، پاکستان کے مسائل کا حل تلاش کرنا اور ایسا پاکستان دیکھنا چاہتی ہے جس کا خواب ہمارے بزرگوں نے دیکھا تھا۔انہوں نے کہا کہ نوجوان صرف پیروکار بننا نہیں چاہتے بلکہ پاکستان کے عوام کی زندگی بدلنا چاہتے ہیں۔ آپ یہ کہہ کر نہیں بیٹھ سکتیں کہ نظام خراب ہے، اگر نظام خراب ہے تو اسے درست کرنے کے لیے میدان میں آنا ہوگا اور جماعت اسلامی کا ساتھ دینا ہوگا۔ نوجوان صرف شکایت نہیں کریں گے اور نہ ہی صرف سماجی رابطوں کے ذرائع پر کسی رجحان کا حصہ بنیں گے بلکہ اپنی صلاحیت، کردار اور جدوجہد سے خود تبدیلی کا رجحان بنائیں گے۔ڈاکٹر حمیرا طارق نے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح اور علامہ محمد اقبال کے خوابوں کا پاکستان محض تقریروں اور نعروں سے نہیں بنے گا بلکہ دیانت، محنت، علم، کردار اور مسلسل جدوجہد سے تشکیل پائے گا۔ نوجوان اپنے نظریاتی ورثے سے جڑیں، پاکستان کی تعمیر میں اپنا کردار ادا کریں اور ایسے معاشرے کے قیام کے لیے آگے بڑھیں جہاں انصاف، امن، تعلیم، خوشحالی اور باوقار زندگی ہر شہری کا حق ہو۔تقریب میں جماعت اسلامی کی مرکزی اور مقامی قیادت نے خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر ڈپٹی سیکرٹری جنرل ثمینہ سعید، ناظمہ حلقہ لاہور عظمیٰ عمران، نائب ناظمات حلقہ لاہور شیما، شازیہ عبدالقادر اور راحیلہ انجم موجود تھیں۔ جماعت اسلامی یوتھ کی مرکزی ٹیم سے عروشہ عامر اور آسیہ ارشد جبکہ نگران یوتھ لاہور عطیہ احمد نے اپنی ٹیم کے ہمراہ شرکت کی۔تقریب کے اختتام پر نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی بچیوں میں اسناد اور انعامات بھی تقسیم کیے گئے۔