منعم ظفر خان نے ٹی ایم سی ماڈل کالونی کے تحت اے ایریا ملیر کالابورڈ میں پیور بلاکس سے تعمیر شدہ سڑکوں کا افتتاح کردیا
کراچی (اسٹاف رپورٹر)امیرجماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے قائم مقام امیر جماعت اسلامی ضلع ایئرپورٹ عمر فاروق، قائم مقام ٹاؤن چیئرمین ماڈل کالونی فیصل باسط کے ہمراہ ٹی ایم سی ماڈل کالونی کے تحت ڈاکٹر عافیہ صدیقی ،انورحسین انصاری اسٹریٹ اورمحمد وصی الدین صدیقی روڈ کاپیور بلاکس سے تعمیر شدہ سڑکوں کا افتتاح کردیا۔ تعمیر شدہ سڑکوں میں 70ہزار اسکوائر فٹ،محمد وصی الدین صڈیقی روڈ 70ہزار 500 اسکوائر فٹ سمیت 55 سے زئد گلیاں جو تقریبا 2لاکھ 70 ہزار اسکوائر فٹ پر مشتمل ہے کی پیوربلاکس سے تعمیر کی گئیں ۔منعم ظفر خان افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ جماعت اسلامی کے منتخب نمائندوں کی محنت، امانت و دیانت اور عوام کے تعاون کے باعث کراچی میں تعمیر و ترقی کے کام جاری ہیں۔ عوام کے ووٹ کی طاقت سے ہی شہر میں ترقیاتی منصوبے پایہ تکمیل تک پہنچ رہے ہیں۔ جماعت اسلامی نے ہمیشہ عوامی خدمت کو ترجیح دی ہے اور اس کا عملی ثبوت شہر کے مختلف علاقوں میں جاری ترقیاتی کام ہیں۔اآج کی افتتاحی تقریب کے موقع پر ہم عوام سے وعدہ کرتے ہیں کہ غوثیہ پارک کو بھی بحال کیا جائے گا اور غوثیہ پارک سمیت مزید گلیوں کی تعمیر و بحالی کا کام بھی جاری رکھا جائے گا۔جماعت اسلامی ایک طرف کراچی میں تعمیر و ترقی کے کام کر رہی ہے تو دوسری جانب عوام کو درپیش معاشی مسائل کے خلاف بھی بھرپور مزاحمت جاری رکھے ہوئے ہے۔ پیٹرولیم لیوی جیسے بھتہ ٹیکس کے خلاف جماعت اسلامی نے عام آدمی کے مسئلے کو پورے پاکستان میں اجاگر کیا اور ایک بھرپور تحریک کا آغاز کیا ہے۔کراچی سے چترال تک عوام پیٹرولیم لیوی کے خلاف سراپا احتجاج بنے اور مہنگائی و بے روزگاری کے ستائے ہوئے عوام نے جماعت اسلامی کے احتجاج میں بھرپور شرکت کی۔ امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن کی اپیل پر پیٹرولیم لیوی بھتہ ٹیکس کے خلاف 16 اگست کو گورنر ہاؤس پر دھرنا دیا جائے گا، جس میں عوام بھرپور شرکت کریں۔منعم ظفر خان نے مزید کہا کہ 2001ء سے 2005ء تک نعمت اللہ خان کے دور میں کراچی میں مثالی اور ریکارڈ ترقیاتی کام ہوئے، تاہم 2005ء کے بعد دو مرتبہ ایم کیو ایم کے میئر آنے کے باوجود شہر میں وہ ترقیاتی کام نہیں کیے گئے جن کی کراچی کے شہریوں کو ضرورت تھی۔ آج الحمدللہ جماعت اسلامی کے یوسی چیئرمین اے ایریا، اے ون اور اے ٹو ایریا سمیت مختلف علاقوں میں کام کروا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات میں جماعت اسلامی نے متعدد یوسیز میں کامیابی حاصل کی، بعد ازاں ٹاؤنز بھی چھین لیے گئے، تاہم جماعت اسلامی کے 9 ٹاؤنز اپنے محدود وسائل کے باوجود امانت و دیانت کے ساتھ عوامی خدمت کا فریضہ انجام دے رہے ہیں۔ ان ٹاؤنز میں 234 پارکس اور 42 کھیلوں کے میدان آباد کیے گئے ہیں۔منعم ظفر خان نے کہا کہ پیپلز پارٹی کراچی دشمنی پر تلی ہوئی ہے، شہر کے 50 فیصد سے زائد علاقے پینے کے پانی سے محروم ہیں۔ نعمت اللہ خان کے دور کے بعد آنے والی کسی بھی حکومت نے کے فور منصوبہ مکمل نہیں کیا۔ یہ حکمرانوں کے لیے شرم کا مقام ہے کہ 25 ارب روپے سے شروع ہونے والا کے فور منصوبہ 100 ارب روپے سے زائد تک پہنچ گیا، لیکن آج بھی منصوبہ مکمل ہونے کا نام نہیں لے رہا۔انہوں نے کہا کہ شہر کا المیہ یہ ہے کہ یہاں اسٹریٹ کرمنلز کا راج ہے۔ گزشتہ دنوں 25 سالہ نوجوان میر رضا کو قتل کر دیا گیا۔ بدقسمتی سے حکومت میر رضا کے اہل خانہ کو انصاف دلانے میں بھی رکاوٹ بن رہی ہے۔ میر رضا کا پوسٹ مارٹم کرکے تدفین کر دی گئی تھی، لیکن بعد ازاں دوبارہ قبرکشائی کرکے پوسٹ مارٹم کیا گیا، جو اہل خانہ کے لیے انتہائی تکلیف دہ امر ہے۔
امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان ‘قائم مقام امیر ضلع ائرپورٹ عمرفاروق ‘قائم مقام ٹاؤن چیئرمین ماڈل کالونی فیصل باسط کے ہمراہ پیوربلاکس سے تعمیر شدہ سڑکوں کا افتتاح اور دورہ کررہے ہیں