ملک میں اداروں کی بحالی، بدامنی کاخاتمہ ناگزیرہے‘پروفیسرابراہیم
بنوں(صباح نیوز ) اسلامک لائرز موومنٹ خیبر پختونخوا کے جنوبی اضلاع کے ذمہ داران کا اجلاس صوبائی دفتر دارالعلوم الاسلامیہ بنوں میں منقعد ہوا۔ اجلاس کی صدارت جماعت اسلامی خیبر پختونخوا جنوبی کے امیر پروفیسر محمد ابراہیم خان نے کی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر محمد ابراہیم خان نے کہا کہ و کلاء معاشرے کی نہ صرف اصلاح میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں بلکہ مظلوم اور بے سہارا لوگوں کی ہر ممکن مدد بھی کر سکتے ہیں۔ وکلاء معاشرے میں عدل و انصاف کے قیام، مظلوموں کو ان کا حق دلانے اور آئین و قانون کی بالادستی کے لیے اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔ وکالت محض ایک پیشہ نہیں بلکہ یہ ایک اہم ذمہ داری ہے، جس کا بنیادی مقصد حق کی حمایت اور ظلم کے خلاف آواز بلند کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کا آئین اسلامی اصولوں اور اسلامی دفعات کو تسلیم کرتا ہے، جن میں قرآن و سنت کی بالادستی اور اسلامی طرزِ زندگی کے فروغ کی ضمانت موجود ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ آئین میں موجود ان اسلامی دفعات کو محض کتاب کا حصہ نہ سمجھا جائے بلکہ ریاستی نظام اور قانون سازی میں ان کی حقیقی روح کو ملحوظ رکھا جائے۔انہوں نے کہا کہ وکلاء ملک میں آئینی اور قانونی شعور بیدار کرنے کے ساتھ ساتھ اسلامی قوانین اور آئینی اسلامی دفعات کے تحفظ کے لیے بھی مؤثر کردار ادا کریں۔ اسلامک لائرز موومنٹ کو چاہیے کہ وہ وکلاء کی فکری و قانونی تربیت کے ساتھ معاشرے میں قانون کی حکمرانی، انصاف اور آئینی حقوق کے تحفظ کے لیے اپنی جدوجہد کو مزید منظم کرے۔انہوں نے اس امر کا اضافہ کیا کہ اس وقت پاکستان میں اداروں کی بحالی اور فعالیت ازحد ضروری ہے۔ ہر طرف بد امنی کرپشن اور مہنگائی کا بازار گرم ہے جس سے پاکستانی عوام تنگ آ چکی ہے جماعت اسلامی واحد جماعت ہے جس کا دامن ہر قسم کی کرپشن اور اقرباء پروری سے پاک ہے ۔اس وقت پاکستان پر وہ ٹولہ حکمران ہے کہ جنہیں نہ پاکستان کی اور نہ عوام کی فکر ہے، بلکہ ہر لحاظ سے اپنی جھولی اور جیب بھر کر بیرون ملک میں جائیداد اور بینک بیلنس منتقل کر رہے ہیں۔ اجلاس سے اسلامک لائرز موومنٹ صوبہ خیبر پختونخوا کے سیکرٹری جنرل فقیر اللہ اعوان اور نائب صدر زاہد محب اللہ ایڈووکیٹ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم ڈیرہ اسماعیل خان سے لے کر چترال تک اسلامک لائرزموومنٹ کو مضبوط قوت بنائیں گے اور آئندہ انتخابات میں بھرپور حصہ لیں گے ۔اجلاس میں کثیر تعداد میں اسلامک لائرز موومنٹ کے ذمہ داران شریک ہوئے ۔ جماعت اسلامی خیبر پختونخوا جنوبی کے سیکرٹری جنرل محمد ظہور خٹک نے بھی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وکلاء معاشرے کا کریم ہیں اور ان کا معاشرے میں اہم کردار ہے۔ ان کی حیثیت سے انکار نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں ملک کو ایسے قانون دانوں کی ضرورت ہے جو قانون کے ساتھ ساتھ اپنے دینی، اخلاقی اور قومی فرائض سے بھی آگاہ ہوں اور عدل و انصاف کے قیام کو اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داری کا بنیادی مقصد سمجھیں۔اجلاس سے اسلامک لائرز موومنٹ کے ڈویژنل صدر مطیع اللہ جان ایڈووکیٹ نے بھی خطاب کیا۔