آئیں، بات چیت سے راستے نکالیں ,فاروق حیدرکا پیغام
اسلام آباد؍مظفرآباد(صباح نیوز)مرکزی رہنما مسلم لیگ نون آزاد کشمیر و سابق وزیراعظم راجہ محمد فاروق حیدر خان نے اہل راولاکوٹ و سدھنوتی کے نام ایک اہم پیغام جاری کیا ہے۔اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ اللہ رب العزت کے فضل و کرم اور عوام کے تعاون و دعاؤں سے مظفرآباد، میرپور ڈویژنز اور مہاجرین کے حلقوں میں ہونے والے انتخابات میں مسلم لیگ نون واضح اکثریت کے ساتھ حکومت سازی کی پوزیشن میں ہے۔ ان شاء اللہ باغ اور حویلی سے بھی ہماری جماعت سرخرو ہو کر عوامی امنگوں کی ترجمان حکومت تشکیل دے گی۔ راجہ فاروق حیدر نے کہا کہ پونچھ کے عوام اس سرزمین کے وہ فرزند ہیں جنہوں نے ہر دور میں غیرت، حمیت اور قربانی کی مثال قائم کی۔ پونچھ کی مٹی نے تحریکِ آزادی کو جان دی، جمہوریت کو استحکام بخشا اور حق و سچ کے لیے ہمیشہ سینہ سپر رہی۔ آپ کی تاریخی جدوجہد، سیاسی بصیرت اور بے مثال حوصلہ ہماری قومی شناخت کا فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ نون کی حکومت بنتے ہی آزاد کشمیر کو درپیش معاشی، انتظامی اور عوامی مسائل کے حل کے لیے ٹھوس اور فوری اقدامات کیے جائیں گے۔ سابق صدر نون لیگ نے اپنے ناراض بھائیوں سے بھی مخاطب ہوتے ہوئے کہا: _اختلاف اپنی جگہ، لیکن رشتے اپنی جگہ۔ ہم نے آپ سے بات کرنی ہے، کیونکہ آپ کے بغیر یہ گھر مکمل نہیں۔ خصوصاً پونچھ کے بغیر۔ میرے نزدیک پونچھ کی شمولیت کے بغیر حکومت سازی بے معنی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پونچھ کے عوام کی قربانیاں، ان کا استقامت سے جمہوریت پر یقین، اور ان کا تاریخی کردار یہی وہ چراغ ہیں جن سے آزاد کشمیر کی سیاست روشن ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ پونچھ کے عوام کی عزت، وقار اور جائز حقوق پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو گا۔ راجہ فاروق حیدر نے اہلیانِ پونچھ و سدھنوتی سے پرخلوص اپیل کی کہ آزاد کشمیر میں اگست کے دوسرے عشرے میں ہونے والے انتخابات میں بھرپور شرکت کریں۔