سکھر ،یوم شہداپولیس کے موقع پر ریلوے پولیس کی تقریبات
سکھر (نمائندہ جسارت) یومِ شہدائے پولیس کے موقع پر پاکستان ریلوے پولیس سکھر کی SRP آفس سمیت ڈویژن کے تمام تھانہ جات میں تقریبات، شہدا کو زبردست خراجِ عقیدت پیش ،انسپکٹر جنرل پاکستان ریلویز پولیس محمد وصال فخر سلطان کے احکامات کی روشنی میں یومِ شہدائے پولیس نہایت عقیدت، احترام اور قومی جذبے کے ساتھ منایا گیا۔ اس سلسلے میں پاکستان ریلوے پولیس سکھر ڈویژن کے SRP آفس سمیت تمام تھانہ جات و ریلوے لائن میں تقریبات کا انعقاد کیا گیا تاکہ شہدائے پولیس کی عظیم قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا جا سکے، یومِ شہدائے پولیس کے موقع پر تمام ریلوے پولیس اسٹیشن، پولیس لائن اور ریلوے تنصیبات پر یادگاری بینرز آویزاں کیے گئے، جبکہ شام کے وقت شہداکی یاد میں شمعیں روشن کی گئیں۔ دن کا آغاز قرآنِ پاک کی تلاوت، ختمِ قرآن اور شہدا کے ایصالِ ثواب کے لیے فاتحہ خوانی سے کیا گیا۔ صبح 8بجے تمام ڈویژن میں ایک منٹ کی خاموشی اختیار کرکے شہدائے پولیس کی لازوال قربانیوں کو بھرپور خراجِ عقیدت پیش کیا گیا، تقریبات میں شہدا کے اہلِ خانہ کو خصوصی طور پر مدعو کیا گیا، جہاں انہیں پھول، مٹھائی، تحائف اور انسپکٹر جنرل پاکستان ریلویز پولیس محمد وصال فخر سلطان کی جانب سے نقد امداد پیش کی گئی۔ علاوہ ازیں شہدا کی قبروں پر پھولوں کی چادریں چڑھائی گئیں، فاتحہ خوانی کی گئی اور ان کے درجات کی بلندی، ملک کی سلامتی اور پاکستان ریلوے پولیس کی مزید کامیابیوں کے لیے خصوصی دعائیں بھی کی گئیں۔