جیکب آباد میں نہر کو 30 فٹ چوڑا شگاف پڑنے سے تباہی
جیکب آباد (نمائندہ جسارت)جیکب آباد میں ۔ نہر کو 30 فٹ چوڑا شگاف، بسم اللہ باغ اور کرسچن کالونی میں تباہی، متعدد گھر اور زرعی اراضی زیرِ آب، انتظامیہ غائب،اطلاع کے باوجود کوئی سرکاری امداد نہ پہنچی، متاثرین اپنی مدد آپ کے تحت شگاف بند کرنے میں مصروف، مکینوں میں شدید خوف و ہراس تفصیلات کے مطابق جیکب آباد میں نہر کو تقریباً 30 فٹ چوڑا شگاف پڑنے کے باعث بڑے پیمانے پر تباہی پھیل گئی۔ نہر کا پانی تیزی سے آبادی میں داخل ہونے سے بسم اللہ باغ کے متعدد گھر، وسیع زرعی اراضی اور کرسچن کالونی زیرِ آب آ گئی، جبکہ سینکڑوں رہائشی شدید پریشانی میں مبتلا ہو گئے۔مقامی افراد کے مطابق شگاف پڑنے کے فوراً بعد پانی نے آبادی کا رخ کر لیا، جس سے گھروں میں کئی فٹ پانی جمع ہو گیا۔ گھریلو سامان، مویشی اور کھڑی فصلوں کو نقصان پہنچنے کا خدشہ پیدا ہو گیا، جبکہ خواتین، بچے اور بزرگ محفوظ مقامات کی تلاش میں گھروں سے نکلنے پر مجبور ہو گئے۔اہلِ علاقہ کا کہنا ہے کہ ضلعی انتظامیہ اور محکمہ آبپاشی کو فوری اطلاع دی گئی، مگر گھنٹوں گزرنے کے باوجود کوئی عملی کارروائی نہیں کی گئی۔ سرکاری مشینری کے نہ پہنچنے پر متاثرہ شہری اپنی مدد آپ کے تحت مٹی، بوریاں اور دیگر دستیاب وسائل استعمال کرکے شگاف بند کرنے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔متاثرین نے شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگر بروقت اقدامات کیے جاتے تو نہ پانی آبادی میں داخل ہوتا اور نہ ہی لوگوں کو لاکھوں روپے کے ممکنہ نقصان کا سامنا کرنا پڑتا۔ ان کا کہنا ہے کہ انتظامیہ کی مبینہ غفلت نے صورتحال کو مزید سنگین بنا دیا ہے۔شہریوں نے کمشنر لاڑکانہ، ڈپٹی کمشنر جیکب آباد، محکمہ آبپاشی، پی ڈی ایم اے اور دیگر متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر بھاری مشینری اور امدادی ٹیمیں روانہ کرکے شگاف بند کیا جائے، متاثرہ علاقوں سے پانی کی نکاسی کا انتظام کیا جائے، نقصانات کا سروے کرایا جائے اور متاثرہ خاندانوں کو فوری امداد فراہم کی جائے تاکہ مزید تباہی سے بچا جا سکے۔