پیٹرولیم قیمتوں میں روزانہ ردوبدل صنعتوں پرتحفظات ہیں، فیصل معیز خان
کراچی(کامرس رپورٹر)نارتھ کراچی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری (نکاٹی) کے صدر فیصل معیز خان نے حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں روزانہ کی بنیاد پر ردوبدل کے فیصلے پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ اگر اس پالیسی پر فوری نظرثانی نہ کی گئی تو اس کے سنگین نتائج نہ صرف صنعت و تجارت بلکہ پوری قومی معیشت کو بھگتنا پڑیں گے۔ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ملک پہلے ہی مہنگائی، زائد پیداواری لاگت، توانائی بحران اور کاروباری غیر یقینی صورتحال کا شکار ہے۔ ایسے میں پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں روزانہ تبدیلی صنعتوں کے لیے ایک نئے بحران کو جنم دے رہی ہے۔فیصل معیز خان نے وزیراعظم شہباز شریف، وزیر خزانہ اور وزیر پیٹرولیم سے مطالبہ کیا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں روزانہ ردوبدل کے فیصلے پر فوری نظرثانی کی جائے اور صنعت، تجارت اور برآمدات کو مزید مشکلات سے بچانے کے لیے ایک واضح، قابل عمل اور مستحکم قیمتوں کا نظام متعارف کرایا جائے۔