سعودی دارالحکومت ریاض
| |

سعودی دارالحکومت ریاض میں صوفہ فیکٹری میں آگ لگنے سے 16 بنگلادیشی جاں بحق

سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں صوفہ بنانے والی ایک فیکٹری میں خوفناک آتشزدگی کے نتیجے میں 16 بنگلا دیشی مزدور جاں بحق ہوگئے۔

بنگلا دیش کی وزارتِ خارجہ کے مطابق حادثہ اتوار کے روز ریاض کے الصفا ضلع کے صنعتی علاقے میں پیش آیا، جہاں ایک صوفہ فیکٹری میں اچانک آگ بھڑک اٹھی۔

بنگلا دیشی سفارتخانے نے تصدیق کی کہ حادثے میں جاں بحق ہونے والے تمام افراد بنگلا دیشی شہری تھے، جبکہ کسی دوسرے شخص کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی۔

بنگلا دیش کے وزیر برائے اوورسیز ویلفیئر عارف الحق چوہدری نے کہا ہے کہ سعودی عرب میں موجود بنگلا دیشی سفارتخانے کے ذریعے مقامی حکام سے مسلسل رابطہ جاری ہے۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ جاں بحق افراد کی میتیں جلد از جلد بنگلا دیش منتقل کرنے کے ساتھ ساتھ متاثرہ خاندانوں کو ضروری سرکاری امداد اور معاوضہ فراہم کرنے کے اقدامات کیے جائیں۔

سعودی عرب کے سول ڈیفنس ادارے نے بھی ریاض میں ایک غیر لائسنس یافتہ فرنیچر سازی کے مقام پر آتشزدگی کی تصدیق کی ہے، تاہم ادارے کی جانب سے ہلاکتوں کی تعداد کے حوالے سے تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔

سعودی عرب سمیت خلیجی ممالک میں جنوبی ایشیا سے تعلق رکھنے والے لاکھوں تارکینِ وطن روزگار کے سلسلے میں مقیم ہیں۔ سعودی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق ملک میں 30 لاکھ سے زائد بنگلا دیشی شہری رہائش پذیر ہیں۔

Similar Posts

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *