پولیس مقابلوں میں 2 ملزمان ہلاک، 7 زخمی حالت میں گرفتار
کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک) شہر قائد میں پولیس نے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف مختلف کارروائیوں کے دوران متعدد مبینہ پولیس مقابلوں میں دو ملزمان کو ہلاک جبکہ سات ملزمان کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق کارروائیوں کے دوران ملزمان کے قبضے سے اسلحہ، موبائل فون، نقد رقم، موٹرسائیکلیں اور ایک مسروقہ کار برآمد کر لی گئی۔ تفصیلات کے مطابق اینٹی وہیکل لفٹنگ سیل (اے وی ایل سی) پولیس نے فیروز آباد کی حدود میں شہید ملت روڈ پر ہل پارک کے قریب مبینہ مقابلے کے دوران دو ملزمان کو ہلاک کر دیا۔ ایس ایس پی اے وی ایل سی خالد مصطفی کورائی کے مطابق ہلاک ملزمان کی شناخت محمد شہزاد اور شایان کے نام سے ہوئی ہے۔ دونوں کی لاشیں قانونی کارروائی کے لیے جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر منتقل کی گئیں۔ ایس ایس پی اے وی ایل سی کے مطابق ہلاک ملزمان کے قبضے سے اسلحہ اور ایک کار برآمد ہوئی جو تھانہ گلستانِ جوہر کی حدود سے چوری کی گئی تھی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ہلاک ملزمان کا ایک ساتھی ثاقب اس سے قبل بھی شہید ملت روڈ پر اے وی ایل سی کے ساتھ مبینہ مقابلے میں ہلاک ہو چکا ہے۔ پولیس واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات کر رہی ہے۔ دوسری جانب قائدآباد پولیس نے لانڈھی کی شیر پاؤ کالونی میں مسیح قبرستان کے قریب مبینہ مقابلے کے بعد ایک زخمی ملزم کو گرفتار کر لیا۔ زخمی ملزم کو جناح اسپتال منتقل کیا گیا جہاں اس کی شناخت 25 سالہ کامران کے نام سے ہوئی۔ادھر ساحل پولیس نے ڈیفنس فیز 8 کے خیابان عرفات پر مبینہ مقابلے کے دوران تین زخمی ملزمان کو گرفتار کیا۔