سعودی ولی عہد
| |

سعودی ولی عہد کی مصری صدر سے اہم ملاقات، مشرقِ وسطیٰ کی صورتحال، علاقائی سلامتی پر گفتگو

قاہرہ: سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے مصری صدر عبدالفتاح السیسی سے اہم ملاقات کی، جس میں مشرقِ وسطیٰ کی صورتحال، علاقائی سلامتی اور استحکام سمیت مختلف امور پر گفتگو کی گئی۔

سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان منگل کو مصر کے سرکاری دورے پر قاہرہ پہنچے، جہاں بعد ازاں ان کی مصری صدر عبدالفتاح السیسی سے ملاقات ہوئی۔

ملاقات کے دوران مشرقِ وسطیٰ کی صورتحال، علاقائی سلامتی اور استحکام پر تبادلہ خیال کیا گیا، جبکہ سعودی عرب اور مصر نے بحری آمدورفت کی سلامتی اور آزادی یقینی بنانے کے عزم کا اظہار بھی کیا۔

مصری صدر عبدالفتاح السیسی نے بحیرہ احمر میں محفوظ اور بلا رکاوٹ بحری آمدورفت کے حوالے سے سعودی عرب کے مطالبے کی حمایت کی۔

مصری ایوانِ صدر کے بیان کے مطابق مصر اور سعودی عرب کے تعلقات عرب دائرہ کار میں مثالی نوعیت کے ہوسکتے ہیں، جبکہ سعودی عرب اور خلیجی ممالک کی سلامتی مصر کی قومی سلامتی کا لازمی حصہ ہے۔

بیان میں یمن کے تنازع کے پائیدار سیاسی حل کے لیے جاری کوششوں کو آگے بڑھانے پر بھی زور دیا گیا۔

واضح رہے کہ سعودی ولی عہد کا مصر کا یہ دورہ ایک ایسے وقت میں ہورہا ہے جب سعودی عرب نے یمن کے حوثی باغیوں کی جانب سے کیے گئے حالیہ حملوں کا بھرپور جواب دینے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔

Similar Posts

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *