حکومت کی جانب سے سندھ یوتھ کارڈ کے اجرا کا عمل مکمل
کراچی (جسارت نیوز)صوبائی وزیر کھیل و امورِ نوجوانان سندھ سردار محمد بخش خان مہر نے کہا ہے کہ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول زرداری کی خصوصی ہدایت پر حکومت سندھ نے نوجوانوں کی فلاح و بہبود کے لیے سندھ یوتھ کارڈ کے اجرا کا عمل مکمل کر لیا ہے، جبکہ اس کا باقاعدہ افتتاح چیئرمین بلاول زرداری رواں ماہ اگست کے آخری ہفتے میں کریں گے۔انہوں نے کہا کہ سندھ یوتھ کارڈ کے ذریعے پہلے مرحلے میں صوبے کے 30 اضلاع سے تعلق رکھنے والے 15 سے 29 سال عمر کے ایک لاکھ نوجوانوں کو مختلف سہولیات اور مواقع فراہم کیے جائیں گے تاکہ انہیں تعلیم، روزگار، ہنر مندی اور خودمختاری کے بہتر مواقع میسر آسکیں۔سردار محمد بخش خان مہر نے بتایا کہ سندھ یوتھ کارڈ کے تحت نوجوانوں کو جامعات میں اعلیٰ تعلیم کے لیے تعلیمی اسکالرشپس، بیرونِ ملک اور ملک کے اندر اعلیٰ تعلیم کے مواقع، بلا سود قرضے، مالی معاونت، عالمی معیار کی اسکلز ٹریننگ، مقامی ٹرانسپورٹ، ٹرین سمیت دیگر سفری سہولیات پر خصوصی رعایات اور مختلف سرکاری و نجی خدمات تک ترجیحی رسائی فراہم کی جائے گی۔