حیدرآباد ہائی کورٹ بار وفد کا وفاقی آئینی عدالت کا دورہ
اسلام آباد (صباح نیوز) ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن حیدرآباد، سندھ کے ایک وفد نے وفاقی آئینی عدالتِ پاکستان کا مطالعاتی دورہ کیا، جہاں وفد کو عدالت کے قیام کے پس منظر، آئینی دائراختیار، انتظامی نظام اور پاکستان کے عدالتی ڈھانچے میں اس کے کردار سے متعلقتفصیلی بریفنگ دی گئی۔وفد کی قیادت ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن حیدرآباد کے صدر ایاز حسین ٹونیو نے کی۔ وفاقی آئینی عدالتِ پاکستان کے رجسٹرار حفیظ اللہ خان نے وفد کا خیرمقدم کیا اور انہیں عدالت کے آئینی کردار اور ادارہ جاتی امور سے آگاہ کیا۔رجسٹرار نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ مؤثر اور مضبوط نظام انصاف کے لیے عدلیہ، وکلاء برادری اور دیگر قانونی اداروں کے درمیان قریبی تعاون اور ہم آہنگی ضروری ہے۔ انہوں نے عدالت کے قیام کے مقاصد، آئینی معاملات کی سماعت کے دائرہ اختیار اور انصاف کی فراہمی کے لیے اختیار کیے گئے جدید طریقہ کار پر روشنی ڈالی۔اس موقع پر وفد کو ایک جامع دستاویزی فلم بھی دکھائی گئی، جس میں وفاقی آئینی عدالت کے قیام، آئینی حیثیت، عدالتی کردار، مختلف شعبہ جات کے قیام اور ادارہ جاتی ترقی کے مراحل کو اجاگر کیا گیا۔ دستاویزی فلم میں عدالت کے جدید انتظامی نظام، شفاف طریقہ کار اور عوام کو مؤثر اور بروقت آئینی انصاف کی فراہمی کے لیے کیے گئے اقدامات کی تفصیلات پیش کی گئیں۔بعد ازاں وفاقی آئینی عدالت کے مختلف ڈائریکٹوریٹس کے سربراہان نے وفد کو اپنے شعبہ جات کے فرائض، ذمہ داریوں، انتظامی امور اور جدید طریقہ کار سے متعلق بریفنگ دی۔ وفد کو انفارمیشن ٹیکنالوجی، تحقیق، میڈیا، انسانی وسائل اور دیگر معاون شعبوں کے نظام سے بھی آگاہ کیا گیا۔وفد کے اراکین نے وفاقی آئینی عدالت کے جدید انتظامی ڈھانچے، اعلیٰ پیشہ ورانہ معیار، شفافیت اور ادارہ جاتی ترقی کو سراہتے ہوئے اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے مطالعاتی دورے کو انتہائی معلوماتی اور مفید قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسے پروگرام عدلیہ اور وکلاء برادری کے درمیان رابطوں کو مضبوط بنانے اور آئینی و قانونی شعور کے فروغ میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔دورے کے اختتام پر وفد نے رجسٹرار وفاقی آئینی عدالت کے ہمراہ یادگاری گروپ فوٹو بھی بنوائی۔ وفد کے اراکین نے رجسٹرار اور عدالت کی انتظامیہ کا پرتپاک استقبال، جامع بریفنگز اور کامیاب مطالعاتی پروگرام کے انعقاد پر شکریہ ادا کیا۔