|

پیٹرول 4 روپے اور ڈیزل 3 روپے فی لیٹر مزید مہنگا

اسلام آباد: حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافہ کر دیا، حکومت نے پیٹرول 4 روپے اور ڈیزل 3 روپے فی لیٹر مزید مہنگا کردیاجس کے بعد عوام پر مہنگائی کا ایک اور بوجھ پڑ گیا ہے۔ نئی قیمتوں کے اطلاق کے بعد پیٹرول اور ڈیزل مزید مہنگے ہوگئے ہیں۔

پیٹرولیم ڈویژن کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 4 روپے 40 پیسے اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 331 روپے 52 پیسے فی لیٹر ہوگئی ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق ڈیزل کی قیمت میں بھی 3 روپے 62 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا، جس کے بعد ڈیزل کی نئی قیمت 378 روپے 66 پیسے فی لیٹر تک پہنچ گئی ہے۔

حکومت کی جانب سے ایک ہی دن میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں دوسری مرتبہ اضافہ کیا گیا ہے۔ اس سے قبل ڈیزل کی قیمت میں 7 روپے 83 پیسے جبکہ پیٹرول کی قیمت میں 6 روپے 39 پیسے فی لیٹر اضافے کا اعلان کیا گیا تھا۔

پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اضافے پر شہریوں نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پہلے ہی مہنگائی نے زندگی مشکل بنا رکھی ہے، ایسے میں ایندھن کی قیمتوں میں اضافہ روزمرہ اخراجات میں مزید اضافے کا سبب بنے گا۔

عوام کا کہنا ہے کہ پیٹرول اور ڈیزل مہنگا ہونے سے نہ صرف سفر کے اخراجات بڑھیں گے بلکہ ٹرانسپورٹ، اشیائے خورونوش، بجلی، کاروباری سرگرمیوں اور دیگر ضروریات زندگی کی قیمتوں پر بھی براہ راست اثر پڑے گا۔

شہریوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ مہنگائی پر قابو پانے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں اور عوام کو ریلیف فراہم کیا جائے۔

Similar Posts

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *