کنفیکشنری تاجر متحد ‘ مسائل کے حل پر کراچی چیمبر کے شکر گزار ہیں‘ جاوید عبداللہ

کراچی(اسٹاف رپورٹر ) آل پاکستان آرگنائزیشن آف اسمال ٹریڈرز اینڈ کاٹیج انڈسٹریز کے نائب صدر اور پاکستان کنفیکشنری ایسوسی ایشن کے چیئرمین جاوید حاجی عبداللہ نے کہا ہے کہ تاجروں کو کمزور نہ سمجھا جائے تاجروں کو کمزور سمجھنے کی غلطی کرنے والے پہلے بھی ناکام ہوئے ہیں اور اب بھی ناکام ہوں گے وہ آج کھجور بازار مارکیٹ میں کنفیکشنری کے تاجروں کے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کا تاجر قومی خزانے میں 70 فیصد ریونیو دیتا ہے اور بے شمار بھتے اور جرمانے بھگت رہا ہے مگر اسے کاروبار کرنے کی آزادی نہیں اور پولیس اور سرکاری اہلکار انہیں روزگار سے محروم کرنے کی سازشوں میں مصروف ہیں مگر اب ہم یہ ظلم برداشت نہیں کریں گے۔ انہوں نے کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کی اسمال ٹریڈرز کمیٹی کے چیئرمین عبدالمجید میمن CPLC کمیٹی کے چیئرمین حفیظ عزیز، لا اینڈ آرڈرکمیٹی کے چیئرمین اکرم رانا اور آل پاکستان اسمال ٹریڈرزآرگنازیشن کراچی کے صدر محمود حامد کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے ہمارے مسائل پر فوری ایکشن لیا اور کراچی چیمبر نے انتظامیہ سے بات کر کے تاجروں کو تنگ کرنے والے اہلکاروں کے خلاف کارروائی کی یقین دہانی کرائی۔ جاوید حاجی عبداللہ نے کہا کہ کراچی چیمبر ہر مشکل گھڑی میں چھوٹے تاجروں کے ساتھ کھڑا رہا ہے جس پر ہم ان کے شکر گزار ہیں۔

Similar Posts

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *