|

حوثیوں کی جہازوں پر حملوں کی دھمکی کا طاقت سے جواب دیں گے، سعودی فوجی اتحاد کا اعلان

سعودی عرب نے یمن کے حوثی گروہ کی جانب سے سعودی عرب کے خلاف بحری ناکہ بندی کے اعلان کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔

سعودی وزارتِ خارجہ کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ حوثیوں کی جانب سے بحری ناکہ بندی کا اعلان ناقابل قبول ہے اور اس کی بھرپور مذمت کی جاتی ہے۔

بیان میں حوثیوں کے اس الزام کو بھی مسترد کیا گیا کہ سعودی عرب یمنی عوام کا محاصرہ کر رہا ہے۔ وزارتِ خارجہ کے مطابق سعودی عرب یمن کے عوام اور وہاں کی “قانونی” حکومت کی حمایت جاری رکھے گا۔

دوسری جانب یمن میں سعودی قیادت میں قائم اتحاد نے کہا ہے کہ آبنائے باب المندب میں تجارتی جہازوں کی حفاظت کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا، جبکہ جہازوں کو نشانہ بنانے کی کسی بھی کوشش یا دھمکی کا مؤثر اور طاقتور جواب دیا جائے گا۔

یاد رہے کہ ایک روز قبل یمن کی حوثی تنظیم انصار اللہ نے سعودی عرب کے خلاف بحری ناکہ بندی کا اعلان کیا تھا۔

انصار اللہ کے ترجمان کے مطابق یہ اقدام سعودی عرب کی جانب سے یمن پر عائد محاصرے کے ردعمل میں اٹھایا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ صنعا ایئرپورٹ کی بندش ناقابل قبول ہے اور اس کا جواب اسی نوعیت کے اقدامات سے دیا جائے گا۔

واضح رہے کہ حالیہ دنوں میں حوثیوں نے سعودی عرب پر صنعا ایئرپورٹ کو فضائی حملوں کا نشانہ بنانے کا الزام عائد کرتے ہوئے جوابی کارروائی کی دھمکی دی تھی۔

بعد ازاں حوثیوں نے سعودی عرب پر میزائل حملے بھی کیے، تاہم سعودی حکام کے مطابق ان حملوں کو بروقت ناکام بنا دیا گیا۔

Similar Posts

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *