موسمیاتی تبدیلیاں معیشت اور سلامتی کیلئے خطرہ بن چکی ہیں، جاوید قصوری

لاہور(نمائندہ جسارت ) امیر جماعت اسلامی پنجاب محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ موسمیاتی تبدیلی کے بڑھتے ہوئے اثرات پاکستان کی غذائی سلامتی کے لیے سنگین خطرہ بنتے جا رہے ہیں۔ درجہ حرارت میں مسلسل اضافہ، غیر معمولی بارشیں، سیلاب، خشک سالی اور پانی کی قلت نے ملکی زراعت کو شدید متاثر کیا ہے، جس کے باعث گندم، چاول اور دیگر اہم زرعی فصلوں کی پیداوار میں نمایاں کمی کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔ حکومت کو صورتحال کی سنگینی کا فوری ادراک کرتے ہوئے کسانوں اور زراعت کے شعبے کے تحفظ کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کرنا ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ بڑھتے ہوئے درجہ حرارت کے باعث فصلوں کی پانی کی ضرورت میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، جبکہ دوسری جانب پاکستان میں دستیاب آبی وسائل تیزی سے محدود ہوتے جا رہے ہیں۔ موسمیاتی تبدیلی اب محض ماحولیاتی مسئلہ نہیں رہی بلکہ یہ ملکی معیشت، زراعت اور قومی غذائی سلامتی کے لیے ایک بڑا چیلنج بن چکی ہے۔ اگر بروقت مؤثر حکمت عملی اختیار نہ کی گئی تو مستقبل میں غذائی بحران مزید شدت اختیار کر سکتا ہے۔محمد جاوید قصوری نے کہا کہ حکومت کی جانب سے کاشتکاروں کو درپیش مسائل کے حل کے لیے سنجیدہ اقدامات نہ کرنا قابل مذمت ہے۔ کسان دن رات محنت کرکے ملک کے عوام کے لیے خوراک پیدا کرتے ہیں، لیکن بدقسمتی سے انہیں اپنی محنت کا جائز معاوضہ بھی نہیں ملتا۔ فصل تیار ہونے کے بعد مڈل مین اور آڑھتی کسانوں کی مجبوری سے فائدہ اٹھاتے ہوئے ان کی پیداوار اونے پونے داموں خرید لیتے ہیں۔

Similar Posts

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *