جماعت اسلامی حلقہ خواتین کا مہنگائی کے خلاف مظاہرہ 6 اگست کو ہوگا

حیدرآباد (نمائندہ جسارت) حلقہ خواتین جماعت اسلامی ضلع حیدرآباد کی جانب سے عوام پر بڑھتی ہوئی مہنگائی، بجلی، گیس اور اشیائے ضروریہ کی قیمتوں مسلسل اضافے کے خلاف 6 اگست بروز جمعرات سہہ پہر 4بجے حیدرآباد پریس کلب پر احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا۔اس حوالے سے قائم مقام ناظمہ ضلع سائرہ خلیق نے اپنے بیان میں کہا کہ ملک میں مہنگائی نے عوام، بالخصوص متوسط اور غریب طبقے کی زندگی اجیرن کر دی ہے۔روزمرہ استعمال کی اشیاء، بجلی اور گیس کے نرخوں میں مسلسل اضافے نے گھریلو بجٹ کو شدید متاثر کیا ہے، جبکہ حکومت عوام کو ریلیف فراہم کرنے میں مکمل ناکام دکھائی دیتی ہے۔سائرہ خلیق نے ضلع حیدرآباد کی خواتین سے اپیل کی کہ وہ 6 اگست کے احتجاجی مظاہرے میں بھرپور شرکت کر کے مہنگائی، ناجائز ٹیکسوں اور عوام دشمن معاشی پالیسیوں کے خلاف اپنی پرامن آواز بلند کریں، تاکہ حکومت کو عوامی مشکلات کا احساس دلایا جا سکے۔انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ مہنگائی پر فوری قابو پایا جائے، بجلی و گیس کے نرخوں میں کمی کی جائے، اشیائے ضروریہ کی قیمتیں کم کی جائیں اور عوام کو فوری اور مؤثر ریلیف فراہم کیا جائے۔

Similar Posts

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *