پیٹرولیم قیمتوں کا یومیہ تعین صنعت و تجارت کیلیے تباہی ہے‘اسماعیل ستار

کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک) سالٹ مینوفیکچررز ایسوسی ایشن آف پاکستان (ایس ایم اے پی) کے بانی چیئرمین اسماعیل ستار نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا یومیہ تعین کرنے کے حکومتی فیصلے کو صنعت، تجارت اور مجموعی معیشت کے لیے انتہائی نقصان دہ قرار دیتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف سے فوری نظرثانی کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ پہلے ہی بجلی، گیس اور بھاری ٹیکسوں کے باعث پیداواری لاگت صنعتکاروں کی برداشت سے باہر ہو چکی ہے، ایسے میں اگر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں روزانہ تبدیل ہوتی رہیں تو کاروباری سرگرمیاں شدید متاثر ہوں گی اور صنعتیں چلانا تقریباً ناممکن ہو جائے گا۔ اسماعیل ستار نے کہا کہ ایک طرف حکومت کاروبار اور صنعت کو فروغ دینے اور سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول فراہم کرنے کے دعوے کرتی ہے جبکہ دوسری جانب ایسے فیصلے کیے جا رہے ہیں جو صنعتی شعبے کے لیے نئی مشکلات پیدا کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر کاروبار اور صنعت ہی بند ہو گئے تو حکومت کے لیے ٹیکس اور ریونیو کا حصول بھی مشکل ہو جائے گا کیونکہ ملکی معیشت کا انحصار صنعتی و تجارتی سرگرمیوں پر ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت کو ایسے فیصلوں سے گریز کرنا چاہیے جو معیشت، صنعت اور عوام پر مزید بوجھ ڈالیں بلکہ ایسا ماحول پیدا کیا جائے جہاں صنعتیں بلا رکاوٹ چل سکیں اور روزگار کے مواقع میں اضافہ ہو۔

Similar Posts

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *