یوم استحصال کشمیر کے موقع پر ڈپٹی کمشنرحیدرآباد کی قیادت میںواک کا اہتمام

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر)یوم استحصالِ کشمیر کے موقع پر ڈپٹی کمشنر حیدرآباد زین العابدین میمن کی قیادت میں ضلع انتظامیہ حیدرآباد کے زیر اہتمام کشمیری عوام سے اظہارِ یکجہتی کے لیے واک کا انعقاد کیا گیا۔واک ڈپٹی کمشنر کمپلیکس سے شروع ہوئی جس میں ضلعی افسران، ریسکیو 1122، محکمہ صحت، محکمہ تعلیم، سوشل ویلفیٔر، محکمہ اطلاعات، سماجی تنظیموں کے نمائندگان، معذور افراد، خواتین، طلبہ و طالبات اور شہریوں نے بھرپور شرکت کی۔ شرکاء نے پاکستان اور کشمیر کے پرچم اٹھا کر کشمیری عوام کے حق میں نعرے لگائے۔اس موقع پر کشمیری شہداء اور مظلوم عوام کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی، جبکہ مقبوضہ کشمیر کے عوام کی آزادی، امن اور حقِ خودارادیت کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر حیدرآباد زین العابدین میمن نے کہا کہ 5 اگست 2019 وہ سیاہ دن ہے جب بھارت نے یکطرفہ طور پر مقبوضہ جموں و کشمیر کی خصوصی آئینی حیثیت ختم کرکے کشمیری عوام کے بنیادی حقوق اور حقِ خودارادیت کو پامال کیا۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کا پائیدار اور پرامن حل اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ہونا چاہیے۔

Similar Posts

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *