دہم جماعت جنرل گروپ کی مارک شیٹس جاری کرنے کا اعلان
کراچی (اسٹاف رپورٹر)ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی نے پہلے سالانہ امتحانات سال2026ء ایس ایس سی پارٹ ٹو (جماعت دہم) جنرل گروپ ریگولر اور پرائیویٹ کی مارک شیٹس جاری کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق چیئرمین ثانوی تعلیمی بورڈپروفیسر مشرف علی راجپوت کی ہدایت کے مطابق ناظم امتحانات احمد خان چھٹو نے تمام الحاق شدہ تعلیمی اداروں کے سربراہان سے کہا ہے کہ وہ جمعہ24جولائی سے دیے گئے شیڈول کے مطابق اپنے اتھارٹی لیٹر کے ساتھ بورڈ آفس کی دوسری منزل بلاک B کمرہ نمبر59سے صبح 9:30 بجے سے شام 4:00بجے تک مارک شیٹس حاصل کر سکتے ہیں۔بورڈ سے الحاق شدہ تمام اسکول اور گورنمنٹ اسکول کے ماتحت آنے والے اسکولوں کے سربراہان یا ان کے بااختیار نمائندے مارک شیٹس حاصل کرنے کیلیے ہیڈ ماسٹر/مسٹریس کی دستخطی مہر اور اتھارٹی لیٹر اپنے ساتھ لازمی لے کر آئیں‘ اس کے بغیر ان کو مارکس شیٹس جاری نہیں کی جائیں گی۔ شیڈول کے مطابق جمعہ24جولائی کو نیو کراچی، نارتھ ناظم آباد، گلبرگ، لیاقت آباد۔ ہفتہ25 جولائی کو جمشید ٹاؤن، گلشن اقبال،شاہ فیصل۔پیر 27 جولائی کو لانڈھی، کورنگی، ملیر، بن قاسم اورمنگل 28جولائی کوصدر، لیاری، کیماڑی، سائٹ، اورنگی ٹاؤن،بلدیہ ٹاؤن، گڈاپ کی مارک شیٹس حاصل کر سکیں گے جبکہ تمام پرائیویٹ امیدواروں کی مارک شیٹس ان کے دیئے گئے رہائشی پتوں پر ارسال کر دی گئی ہیں۔ جنرل گروپ ریگولر اور پرائیویٹ کے اسکروٹنی فارم پیر 27جولائی سے 27 اگست 2026تک جمع کرائے جا سکتے ہیں۔