کار سے شہریوں کو زخمی کرنے والا ملزم قاسم آباد پولیس نے گرفتار کرلیا
حیدرآباد(نمائندہ جسارت)قاسم آباد پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے کار کی ٹکر سے2 شہریوں کو شدید زخمی کرنے کے واقعے میں ملوث مرکزی ملزم کو گرفتار کرلیا۔تفصیلات کے مطابق تھانہ قاسم آباد کی حدود میں جی ایم بی کالونی سے عبداللہ سینٹر آنے جانے والے روڈ پرکار کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار2 افراد سکندر علی جاکھرانی اور عبدالقادر عباسی شدید زخمی ہوئے۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی قاسم آباد پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے متاثرہ شہری سکندر علی جاکھرانی کے چچا زاد بھائی کی مدعیت میں مقدمہ درج کرکے متاثرہ دونوں اشخاص کو مزید طبی امداد فراہم کی اور واقعہ میں ملوث ملزم کی گرفتاری کے لیے کارروائی کا آغاز کردیا۔ایس ڈی پی او قاسم آباد کاشف علی قادری کی سربراہی میں ایس ایچ او انسپکٹر سعید چنا نے اپنے اسٹاف کے ساتھ مؤثر کارروائی کرتے ہوئے واقعے کے مرکزی ملزم آصف مشہود قاضی کو گرفتار کرلیا۔