عوام اپنے حق کے لیے نکلیں‘ حکمران سرنڈر کردیں گے،لیاقت بلوچ
لاہور (صباح نیوز)نائب امیر جماعت اسلامی، مجلس قائمہ سیاسی قومی امور کے صدر لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ عوام آج اپنے حق کے لیے نکلیں، حکمران عوام کے سامنے سرنڈر کریں گے،عوام اب نظام کو تباہ کرنے والوں سے حساب لیں گے، نظام کے زوال کے بیانیے کے پیچھے حکمران چھپ نہیں سکیں گے۔لیاقت بلوچ نے ورکرز کنونش اور شجرکاری مہم تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج حافظ نعیم الرحمن کی کال پر پورے ملک میں پْرامن، پْرجوش اور عوامی طاقت کا تاریخ ساز احتجاج ہوگا، ملک کے تمام ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرز، شاہراہوں اور چوراہوں پر عوام اپنے حق کے حصول کے لیے احتجاج کریں گے، پورے ملک میں نوجوانوں کی موٹرسائیکل ریلی اور کراچی، لاہور، اسلام آباد میں خواتین کو پیٹرول، ڈیزل پر بھتا خوری، پیداواری لاگت میں ناقابل برداشت اضافہ اور ٹیکسوں کے بوجھ کے خلاف عوامی احتجاج رنگ لائے گا، عالمی مارکیٹ میں قیمتوں کے اتار چڑھاؤ سے عوام اچھی طرح واقف ہیں لیکن ناجائز لیوی، ٹیکس، حکومت کی بھتا خوری، مفت خوری اب عوام کے لیے قابل قبول نہیں ہے،حکومت، معاشی پالیسی ساز، آئی ایم ایف کے سامنے عوامی مفادات کو ڈھیر کرنے والے نوشتہ دیوار پڑھیں، عوامی جذبات کا لاوہ پھٹ رہا ہے، قی استحکام اور سلامتی کے لئے ناگزیر ہے کہ عوام کے معاشی مسائل حل ہوں، نوجوانوں کے لیے روزگار کے دروازے کھلیں، زراعت، تجارت، صنعت، گھریلو صنعت اور عام صارفین بحرانوں سے نجات پائیں، حکمران، مقتدر طبقے اور پالیسی ساز اپنا مائنڈ سیٹ بدلیں، قرضے لینے، عالمی مالیاتی اداروں کے سامنے گھٹنے ٹیکنے، عوام کی جیبوں پر ڈاکا ڈال کر قومی خزانہ بھرنے کی روِش سے باز آجائیں۔