فش ایکسپورٹ ترغیبی اسکیم کو حتمی شکل دینے کے لیے کمیٹی قائم
کراچی (کامرس رپورٹر) وفاقی وزیر بحری امور محمد جنید انور چوہدری نے چار رکنی کمیٹی تشکیل دی تاکہ کارکردگی کی بنیاد پر مچھلی کی برآمدات کے لیے ایک ترغیبی (انسینٹو) اسکیم کو حتمی شکل دی جاسکے۔ اس اسکیم کا مقصد موجودہ ٹیکس نظام میں کوئی تبدیلی کیے بغیر سمندری خوراک (سی فوڈ) کی برآمدات میں اضافہ کرنا ہے۔ انہوں نے جمعہ کو اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ مجوزہ اسکیم کے تحت اضافی برآمدی نمو میں پر مراعات دی جائیں گی جبکہ موجودہ ٹیکس ڈھانچہ برقرار رکھا جائے گا۔ اس سے سمندری خوراک (سی فوڈ) کی صنعت کی مسابقتی صلاحیت بہتر ہوگی اور اس شعبے میں سرمایہ کاری کو فروغ ملے گا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ یہ پاکستان کے ماہی گیری شعبے کی جانب کاروباری اداروں اور سرمایہ کاروں کو راغب کرنے کا بہترین وقت ہے۔ انہوں نے کہا کہ بہتر مراعات اور برآمد کنندگان کے ساتھ قریبی تعاون سے سمندری خوراک (سی فوڈ) کی برآمدات میں اضافہ ہوگا اور اس شعبے کا قومی معیشت میں حصہ بھی بڑھے گا۔