23برس قبل حادثے میں شہری جاںبحق کیس کافیصلہ سنادیاگیا
کراچی (اسٹاف رپورٹر) سینئر سول جج جنوبی میں23 سال قبل ہونے والے حادثے میں شہری کے جاں بحق ہونے کا معاملہ ،عدالت نے فریقین کو ایک کروڑ چھ لاکھ 61 ہزار کی رقم ادا کرنے حکم دے دیا۔جاں بحق نور حمید جان کے اہل خانہ کی معاوضے کی ادائیگی کی درخواست پر فیصلہ سناتے ہوئے عدالت نے فریقین کو ایک کروڑ چھ لاکھ 61 ہزار کی رقم ادا کرنے حکم دیا، واجب الادا رقم میں گزشتہ 23 سالوں کے مارک اپ کو بھی شامل کیا گیا ہے درخواست گزار کے وکیل فرخ عثمان ایڈووکیٹ کا موقف تھا کہ حادثہ شاہراہ فیصل پر نرسری کے مقام پر 2003 میں رونما ہوا تھا،واقعہ کا مقدمہ تھانہ فیروز آباد میں درج ہوا تھا، درخواست فیٹل ایکسیڈنٹ ایکٹ 1855 کے تحت دائر کی گئی تھی،درخواست میں وفاق اور دیگر اداروں کو فریق بنایا گیا تھا ،درخواست جاں بحق شہری کی بیوی باچا زرین کی جانب سے دائر کی گئی تھی۔