سیکرٹری کالجز کا سرکاری کالجز میں بائیومیٹرک حاضری کے نظام کا جائزہ
کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک)سیکرٹری کالجز ندیم میمن کی زیرِ صدارت سندھ بھر کے سرکاری کالجوں میں بائیومیٹرک حاضری کے مؤثر نفاذ، تدریسی و غیر تدریسی عملے کی حاضری اور نگرانی کے نظام سے متعلق اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہو جس میں بائیومیٹرک حاضری کے نظام کو مکمل طور پر فعال، شفاف اور مؤثر بنانے، غیر حاضر ملازمین کو فوری شوکاز نوٹس جاری کرنے اور عادی غیر حاضر ملازمین کے خلاف سروس رولز کے مطابق سخت محکمانہ کارروائی کا فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس میں سیکرٹری کالجز ندیم میمن کو صوبے بھر کے سرکاری کالجوں میں بائیومیٹرک حاضری اور ملازمین کی حاضری سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر سیکرٹری کالجز نے ہدایت کی کہ تمام ملازمین کی بائیومیٹرک حاضری بہر صورت یقینی بنائی جائے اور نظام میں موجود تمام تکنیکی و انتظامی رکاوٹیں فوری طور پر دور کی جائیں تاکہ شفافیت، نظم و ضبط اور جوابدہی کو مزید مؤثر بنایا جا سکے۔ اجلاس کے دوران میرپورخاص اور سکھر ریجن کے ڈائریکٹرز نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ان کے ریجن میں بعض اساتذہ مسلسل غیر حاضر (مفرور) ہیں جس پر سیکرٹری کالجز ندیم میمن نے سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے تمام متعلقہ ملازمین کو فوری شوکاز نوٹس جاری کرنے اور ان کے خلاف قواعد و ضوابط کے مطابق کارروائی کا حکم دیا۔ ندیم میمن نے واضح کیا کہ غیر تسلی بخش جواب دینے یا مسلسل غیر حاضر رہنے والے ملازمین کے خلاف سروس رولز کے تحت سخت محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ سیکریٹری کالجز نے مزید ہدایت کی کہ تمام افسران اور ملازمین، جو کسی بھی نوعیت کی رخصت، بشمول ایکس پاکستان لیو، پر جائیں، وہ اپنی منظور شدہ رخصت ختم ہوتے ہی فوری طور پر کالج ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ میں رپورٹ کریں۔ بصورت دیگر، بغیر کسی معقول جواز کے ان کی غیر حاضری کو غیر مجاز تصور کرتے ہوئے متعلقہ قواعد کے تحت محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی