7اگست کو پورا سندھ جام کردیں گے، کاشف سعید شیخ

کراچی(اسٹاف رپورٹر) امیرجماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن کی اپیل پرپیٹرولیم مصنوعات پرلیوی کے نام پر حکومتی بھتا اورمہنگائی کے خلاف تحریک کے سلسلے میں جماعت اسلامی نے 7اگست کو سندھ میں احتجاج کی قیادت کرنے والے مرکزی وصوبائی قائدن کا شیڈول جاری کردیا ہے،صوبائی ترجمان مجاہدچنا کے مطابق 7اگست کو بھرپور احتجاج،دھرنے اور شاہراہیں بندہوں گی صرف ایمبولینس کو راستہ دیا جائے گا۔اس حوالے سے مرکزی ڈپٹی جنرل سیکرٹری ممتازحسین سہتو خیرپور،صوبائی امیرکاشف سعید شیخ لاڑکانہ، صوبائی نائب امرا منعم ظفر کراچی،پروفیسر نظام الدین میمن کوٹری،حافظ نصراللہ چنا کندھکوٹ،محمد افضال سانگھڑ، جنرل سیکرٹری محمد یوسف حیدرآباد،ڈپٹی جنرل سیکرٹریزعلامہ حزب اللہ جکھرو سکھر، امدادللہ بجارانی شکارپور،سہیل شارق میرپور خاص، عبدالقدوس احمدانی ٹھٹھہ، آفتاب احمد ملک تھرپارکر،الطاف احمد ملاح بدین،نواب مجاہدبلوچ مٹیاری میں احتجاج کی قیادت کریں گے۔امیرجماعت اسلامی سندھ کاشف سعید شیخ نے ملاقات کرنے والے مختلف وفود سے بات چیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیرداخلہ محسن نقوی کا حالیہ بیان حکومتی ناکامی کا اعتراف ہے۔لیکن یہ بھی حقیقت ہے کہ جب تک عدل وانصاف کانظام، محرومیوں کا خاتمہ اوربلدیاتی نظام اوراختیارات یونین کونسل کی سطح پر منتقل نہیں کیے جاتے توعوام کے اندراس طرح کے سوالات جنم لیتے رہیں گے۔بناؤبگاڑ کاکھیل ختم آئین کی عملداری قانون کی حکمرانی اورعوام کو اپنی مرضی کی قیادت منتخب کرنے کا حق دینے سے ہی ملک بحرانوں سے نجات حاصل کرسکتا ہے۔ امیرجماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن کی اپیل پرپیٹرول پرلیوی بھتا اورمہنگائی کے خلاف 7 اگست کو پورے ملک کی طرح باب الاسلام سندھ میں بھی جام کریں گے،عوام ظلم ونانصافی کے نظام کے خلاف جاری جماعت اسلامی کی تحریک کا ساتھ دیں گے،خاموشی موت اورمزاحمت میں ہی زندگی ہے۔

Similar Posts

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *