رواں ماہ سے نوجوانوں کی کیریئر کونسلنگ کی ابتدا کریں گے‘شرجیل میمن

کراچی (اسٹاف رپورٹر) حکومت سندھ نے آئی ورک فار سندھ کے پلیٹ فارم سے نوجوانوں کی لائیوکیریئر کونسلنگ کا فیصلہ کر لیا ہے۔ سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ رواں ماہ سے مختلف صنعتوں کے ماہرین نوجوانوں کی کیریئر کونسلنگ کی ابتدا کریں گے، آئی ورک فار سندھ کے لرن اینڈ ارن پلیٹ فارم سے اب تک 4935 افراد رجسٹرڈ ہو چکے ہیں، 2735 افراد نے مختلف کورسز مکمل کر لیے ہیں جبکہ 2000 افراد ابھی بھی کورسز کر رہے ہیں، لرن اینڈ ارن پروگرام کے تحت 1200 سے زائد بین الاقوامی معیار کے مختصر کورسز سکھائے جائیں گے۔ ایک بیان میں سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ آئی ورک فار سندھ نوجوانوں کو روزگار کے ساتھ جدید مہارتوں سے بھی جوڑ رہا ہے۔ سندھ حکومت کا پائلٹ پروجیکٹ آئی ورک فار سندھ نوجوانوں کو جدید مہارتوں سے آراستہ کرنے کا جامع نظام بن چکا ہے، بدلتے ہوئے عالمی روزگار کے منظرنامے میں ڈیجیٹل پلیٹ فارمز اور جدید ٹیکنالوجی کا استعمال وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئی ورک فار سندھ کے پلیٹ فارم پر مسلسل بڑھتی ہوئی عوامی شمولیت سندھ کے نوجوانوں کی جانب سے بھرپور پذیرائی کا ثبوت ہے، پلیٹ فارم پر 51 لاکھ سے زائد وزٹس‘ 1 لاکھ 19 ہزار امیدوار رجسٹرڈ، 16 ہزار سے زائد روزگار کے مواقع دستیاب ہیں۔ 695 کمپنیاں پلیٹ فارم کا حصہ بن چکی ہیں۔ جو نوجوانوں اور آجر اداروں کے درمیان رابطے کو مضبوط بنا رہی ہیں۔

Similar Posts

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *