پیٹرول لیوی بھتا ٹیکس کیخلاف احتجاج‘کل شہر بھر سے ریلیاں مزار قائد پہنچیں گی‘منعم ظفر کا اعلان

کراچی(اسٹاف رپورٹر) امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن کی اپیل پر پیٹرولیم لیوی بھتا ٹیکس کی ظالمانہ وصولی اور قیمتو ں میں روزانہ کی بنیاد پر مسلسل و ہوشربا اضافے کے خلاف 7اگست کو ملک گیر احتجاج کے سلسلے میں جماعت اسلامی کراچی کے تحت نورانی کباب ہائوس شاہراہ قائدین پر پہلا احتجاجی کیمپ قائم کر دیا گیا ۔امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ جمعہ 7اگست کو کراچی کی سڑکوں پر زبردست احتجاج کیا جائے گا ، شہر بھر میں ریلیاں مزار قائد پہنچیں گی اور مزار قائد سے مرکزی ریلی نکلے گی ۔احتجاج کے دوران صرف ایمبولینس کو راستہ دیا جائے گا ، جمعرات 6اگست کو شہر بھر میں اہم پبلک مقامات ، شاہرائوں اور چورنگیوں پر احتجاجی کیمپ لگائے جائیں گے ، کارنر میٹنگز کی جائیں گی اور ریلیاں بھی نکالی جائیں گی ،لیوی جبری بھتا ٹیکس ہے جو ہر موٹر سائیکل سوار سے ہر لیٹر پر 125 روپے وصول کیا جاتا ہے۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ حکومت پیٹرولیم لیوی بھتا ٹیکس ختم کر کے پیٹرول سستا کرے تاکہ عوام کو حقیقی معنوں میں ریلیف مل سکے ۔ دریں اثناء منعم ظفر خان نے کراچی تاجر اتحاد کے صدر عتیق میر اور کراچی الیکٹرانک مارکیٹ ڈیلرز ایسوسی ایشن کے صدر رضوان عرفان سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا اور تاجر رہنمائوں کو احتجاج میں شرکت کی دعوت دی ، عتیق میر اور رضوان عرفان نے 7اگست کے احتجاج کی تائید اور حمایت کی اور تاجروں کی جانب سے احتجاج میں بھر پور شرکت کی یقین دہانی کرائی ۔منعم ظفر خان نے احتجاجی کیمپ پر خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ فارم 47والے اپنی ناکامی اور نا اہلی کا اعتراف کررہے ہیں ،اب وقت آگیا ہے کہ عوام پر ظلم کرنے ، عوام کو مہنگائی کے بوجھ تلے دبانے اور خود شاہانہ زندگی گزارنے والے حکمرانوں سے نجات حاصل کی جائے ، عوام اپنی قوت اور طاقت کا اظہار کریں تو کوئی ظالم حکمران ان کے آگے نہیں ٹہر سکے گا ، منعم ظفر خان نے کہا کہ ایک طرف مہنگے پیٹرول اور ڈیزل نے عام آدمی اور کاروباری طبقے سمیت ہر طبقے کو متاثر کیا ہے تو دوسری طرف مہنگی بجلی و گیس اور بھاری بلوں نے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ہے ، آئی پی پیز مافیا کو سالانہ اربوں روپے اس بجلی کے دیے جاتے ہیں جو انہوں نے پیدا کی اور نہ عوام نے استعمال کی ،75فیصد آئی پی پیز ایسی ہیں جنہوں نے ایک یونٹ بجلی پیدا نہیں کی ، ان سب کا گٹھ جوڑ ہے اور بوجھ سارا غریب عوام پر ڈالا جا رہا ہے ۔ پیٹرول کی قیمتوں میں جس تیزی سے اضافہ کیا جا رہا ہے اس سے غریب عوام کے لیے جینا مشکل ہوگیا ہے۔ حکمرانوں نے اپنے پروٹوکول کے لیے بھتا ٹیکس کا نظام قائم کیا ہوا ہے۔ پیٹرول کی قیمت بڑھنے سے ہر چیز کی قیمت میں اضافہ ہو جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی واحد جماعت ہے جو عوام کے حقیقی مسائل کے حل اور مشکلات و پریشانیوں سے نجات کے لیے جدو جہد کر رہی ہے ، جماعت اسلامی عوام کو تنہا نہیں چھوڑے گی ، عوام کے حق اور مسائل کے حل کی جدوجہد جاری رکھے گی ۔ اس موقع پر امیر ضلع قائدین انجینئر عبد العزیز، ڈپٹی سیکریٹری ابن الحسن ہاشمی ، سکریٹری اطلاعات زاہد عسکری،سکریٹری ضلع نعمان حمید، سینئر ڈپٹی سکریٹری اطلاعات صہیب احمد ودیگر بھی موجود تھے ۔

 

Similar Posts

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *