کویتی حکومت نے پاکستان سے دفاعی شعبے میں تعاون کے معاہدے کی منظوری دے دی
کویت سٹی / اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) کویت کی کابینہ نے پاکستان کے ساتھ دفاعی اور عسکری شعبے میں دوطرفہ تعاون کے اہم معاہدے کی باضابطہ منظوری دے دی ہے، جس کا مقصد دونوں برادر اسلامی ممالک کے مابین دفاعی تعلقات کو مزید وسعت دینا اور مشترکہ سیکورٹی چیلنجز سے نمٹنا ہے۔ پاکستانی اور کویتی ذرائع ابلاغ کے مطابق اس معاہدے کی منظوری کویت کی مجلسِ الوزرا(کابینہ) کے اعلیٰ سطحی اجلاس میں دی گئی۔ معاہدے کے تحت دونوں ممالک کی مسلح افواج کے درمیان باہمی تربیت، تکنیکی صلاحیتوں کے تبادلے، اور دفاعی تکنیک و پیداواری شعبوں میں شراکت داری کو فروغ دیا جائے گا۔ اس کے علاوہ دونوں ممالک دفاعی سطح پر اعلیٰ سطحی وفود کے تبادلوں اور سیکورٹی تعاون کو بھی مزید مستحکم کریں گے۔ دفاعی ماہرین کے مطابق کویت کی جانب سے پاکستان کے ساتھ دفاعی معاہدے کی منظوری خلیجی خطے میں پاکستان کی بڑھتی ہوئی اہمیت اور دونوں ممالک کے درمیان طویل العمیق تاریخی و برادرانہ تعلقات کی عکاسی کرتی ہے، جس سے آنے والے دنوں میں خطے کی سیکورٹی اور معاشی استحکام پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔