پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں کاروباری ہفتے کے دوسرے روز تیزی
کراچی (کامرس رپورٹر) بین الاقوامی خام تیل کی قیمتوں میں کمی، امریکہ اور ایران کے درمیان کشیدگی میں کمی کی توقع اورسرمایہ کاروں کی جانب سے بینکنگ، توانائی اور دیگر بڑی کمپنیوں کے حصص میں خریداری میں دلچسپی کی بدولت پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں کاروباری ہفتے کے دوسرے دن تیزی پر کاروبار کا اختتام ہوا۔ کے ایس ای 100انڈیکس 200پوائنٹس بڑھ گیا اور انڈیکس 176ہزار کی نفسیاتی حد پر بحال ہو گیا ،اگرچہ ٹریڈنگ کے دوران انڈیکس 178300 کی دن کی بلند سطح پر بھی ٹریڈ ہوا۔مارکیٹ کے سرمائے میں 27ارب روپے سے زاید کاا ضافہ ریکارڈ کیا گیا جبکہ 54.25فیصد حصص کی قیمتیں بڑھ گئیں۔ سرمایہ کاروں کا خیال ہے کہ اگر تیل سستا رہا تو پاکستان کے درآمدی بل، مہنگائی اور بیرونی ادائیگیوں پر دباؤ کم ہو سکتا ہے، جس سے معیشت اور لسٹڈ کمپنیوں کے منافع پر مثبت اثر پڑتا ہے اور مستقبل میں مارکیٹ تیزی کی جانب گامزن رہ سکتی ہے۔ پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں منگل کو کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس میں 205 پوائنٹس کاا ضافہ ہوا اور انڈیکس 175927 پوائنٹس سے بڑھ کر 176133 پوائنٹس پر بند ہوا۔ اسی طرح 48پوائنٹس کے اضافے سے کے ایس ای 30انڈیکس 52663پوائنٹس اور کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس 106419پوائنٹس سے بڑھ کر 106568پوائنٹس پر جا پہنچا۔ کاروباری تیزی سے مارکیٹ کے سرمائے میں 27 ارب 56 کروڑ 46 لاکھ80ہزار762روپے کاا ضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کے نتیجے میں سرمائے کا مجموعی حجم 19790 ارب 23 کروڑ 10 لاکھ 76 ہزار 933 روپے ہو گیا۔پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں منگل کو 35ارب روپے مالیت کے 1ارب سے زائد حصص کے سودے ہوئے جبکہ پیر کو 30ارب روپے مالیت کے 67 کروڑ 59 لاکھ حصص کے سودے ہوئے تھے۔ پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں گزشتہ روز مجموعی طور پر494کمپنیوں میں شیئرز کا کاروبار ہوا جس میں سے 268کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ ،191میں کمی اور35کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں استحکام رہا۔ کاروبار کے لحاظ سے سنر جیکو پاک ،ٹرسٹ بروکریج، ٹی پی ایل پراپرٹیز ،پاک ریفائنری اور فرسٹ نیشنل ایکوٹیز سر فہرست رہے۔ قیمتوں میں اتار چڑھائو کے اعتبار سے خیبر ٹیکسٹائل ملز لمیٹڈ کا بھائو91.84روپے بڑھ کر 2163.06 روپے ہو گیا۔ اسی طرح 72.69 روپے کے اضافے سے نیسلے پاکستان لمیٹڈ کے حصص کی قیمت 7651.92روپے پر جا پہنچی جبکہ پی آئی اے ہولڈنگ کمپنی لمیٹڈ کا بھائو 492.66 روپے گھٹ کر 17507.33 روپے ہو گیا۔ اسی طرح 189.98 روپے کی کمی سے یونی لیور پاکستان فوڈز لمیٹڈ کے حصص کی قیمت 25250.02 روپے پر آگئی۔