حکومت کا ملک بھر میں گندم کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنانے کا عزم
اسلام آباد (آن لائن) وفاقی حکومت نے ملک میں گندم کی دستیابی، غذائی تحفظ اور صارفین کے مفادات کے تحفظ کے لیے اقدامات مزید مؤثر بنانے کا فیصلہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ درآمدی گندم کا معیار صوبوں کی مشاورت سے طے کیا جائے گا اور اس کی منصفانہ تقسیم صوبائی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے یقینی بنائی جائے گی۔وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین کی زیر صدارت ویٹ بورڈ کے اعلیٰ سطحی اجلاس میں ملک میں گندم کی دستیابی، تقسیم کے نظام اور صوبائی ضروریات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں متعلقہ اداروں کے حکام نے گندم کی مجموعی صورتحال اور آئندہ کے لائحہ عمل پر بریفنگ دی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر رانا تنویر حسین نے کہا کہ حکومت ملک بھر میں گندم کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ گندم کی درآمد کا فیصلہ صوبوں کی مجموعی ضروریات اور ملکی غذائی تحفظ کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا جا رہا ہے۔انہوں نے واضح کیا کہ درآمدی گندم کے معیار کا تعین صوبوں کی مشاورت سے کیا جائے گا جبکہ درآمد شدہ گندم صوبائی ضروریات کے مطابق شفاف اور منصفانہ طریقے سے تقسیم کی جائے گی۔وفاقی وزیر نے کہا کہ گندم کی درآمد اور تقسیم کے تمام مراحل مکمل شفافیت کے ساتھ انجام دیے جائیں گے تاکہ صارفین کے مفادات کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ بروقت گندم کی دستیابی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔رانا تنویر حسین نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ وہ صوبائی حکومتوں کے ساتھ قریبی رابطہ برقرار رکھتے ہوئے تمام انتظامات جلد مکمل کریں۔ انہوں نے کہا کہ وفاق اور صوبوں کے درمیان مؤثر تعاون سے ملک میں غذائی تحفظ کو مزید مضبوط بنایا جا سکتا ہے۔اجلاس میں اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ گندم کی طلب و رسد کے توازن کو برقرار رکھنے، قیمتوں میں استحکام اور عوام کو مناسب فراہمی کے لیے تمام ضروری اقدامات بروقت کیے جائیں گے۔