پیٹرولیم لیوی کیخلاف فیصلہ کن معرکے کا وقت آگیا‘کل کا احتجاج تاریخ رقم کرے گا‘ حافظ نعیم الرحمن
لاہور( نمائندہ جسارت)امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ پٹرولیم لیوی بھتا کے خلاف جمعہ 7 اگست کا ملک گیر احتجاج فیصلہ کن عوامی طاقت کا مظاہرہ ثابت ہوگا۔ لاکھوں شہری گھروں سے نکلیں گے، اہم شاہراہوں پر دھرنے دیے جائیں گے اور اضلاع کو ملانے والی سڑکیں بند کر کے حکمرانوں کو عوام کو ریلیف دینے پر مجبور کیا جائے گا۔ منصورہ سے جاری ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ احتجاجی تحریک کی تیاریاں آخری مرحلے میں داخل ہو چکی ہیں۔ ملک بھر میں جماعت اسلامی کے ذمہ داران اور کارکن عوام کے مختلف طبقات سے رابطوں، کارنر میٹنگز اور آگاہی مہم کے ذریعے تاریخی احتجاج کو کامیاب بنانے میں مصروف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ احتجاج کسی سیاسی مفاد کے لیے نہیں بلکہ مہنگائی، بے روزگاری اور ناقابل برداشت ٹیکسوں کے بوجھ تلے دبے ہر پاکستانی کے حقوق کی جنگ ہے۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ 6 اگست کو لاہور کی وحدت روڈ پر جماعت اسلامی حلقہ خواتین کے زیر اہتمام پٹرولیم لیوی کے خلاف احتجاجی مظاہرے سے خطاب کروں گا، جہاں خواتین بھی عوام دشمن معاشی پالیسیوں کے خلاف اپنی بھرپور آواز بلند کریں گی۔ انہوں نے نوجوانوں سے خصوصی اپیل کی کہ وہ 7 اگست کو اپنی موٹر سائیکلوں پر نکلیں، انہیں شاہراہوں پر لا کر پرامن انداز میں سڑکیں بند کریں اور عوامی احتجاج کو کامیاب بنائیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ احتجاج مکمل طور پر پرامن ہوگا اور اس دوران صرف ایمبولینسز اور ایمرجنسی سروسز کی گاڑیوں کو راستہ فراہم کیا جائے گا۔ امیر جماعت اسلامی نے حکومت کو خبردار کیا کہ عوام کے آئینی اور جمہوری حقِ احتجاج میں رکاوٹیں ڈالنے سے گریز کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اگر حکمرانوں نے عوامی آواز دبانے کی کوشش کی تو اس کی تمام تر ذمہ داری حکومت پر عائد ہوگی۔انہوں نے جماعت اسلامی کے ذمہ داران کو ہدایت کی کہ احتجاج سے قبل عوامی رابطہ مہم مزید تیز کی جائے اور علما، تاجروں، وکلا، طلبہ، مزدوروں، کسانوں، سول سوسائٹی اور دیگر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کو احتجاجی تحریک میں بھرپور شریک کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں منعقد ہونے والی ہزاروں کارنر میٹنگز عوام کو جماعت اسلامی کے مطالبات اور احتجاج کے مقاصد سے آگاہ کر رہی ہیں۔ حافظ نعیم الرحمن نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ پٹرولیم لیوی فوری طور پر ختم کی جائے، آئی پی پیز کے مہنگے معاہدوں پر نظرثانی کی جائے، بجلی کی لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کیا جائے اور مہنگائی پر قابو پانے کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ جب تک عوام پر مسلط ظالمانہ معاشی پالیسیاں واپس نہیں لی جاتیں، جماعت اسلامی کی پرامن عوامی تحریک جاری رہے گی۔