مظفرآباد: مزید 10 افراد کے نام فورتھ شیڈول میں شامل
مظفرآباد( صباح نیوز)آزاد کشمیر حکومت نے مزید10 افراد کے نام فورتھ شیڈول میں شامل کرنے کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔ ان میں ضلع سدہنوتی سے تعلق رکھنے والی خاتون جموں کشمیر ڈیموکریٹک پارٹی کی چیٔرپرسن نبیلہ ارشاد بھی شامل ہیں ، دیگر افراد میں اعجاز احمد خان ولد گل احمد خان،عذراء عالم دختر عالم حسین،محمد زہیب خان ولد خان محمد خان،محمد نبیل تبسم ولد محمد بشیر تبسم،ذیشان احمد ولد راجہ عبد الغفور خان (ضلع باغ)،راجہ وسیم صابر ولد راجہ صابر خان (ضلع باغ)،راجہ محمد منصور خان ولد گلزار احمد خان (ضلع مظفرآباد)،قیصر کلیم ولد کلیم داد خان (ضلع پونچھ)،حمزہ نصیر ولد نصیر احمد (ضلع پونچھ) شامل ہیں 29 جولائی 2026 کو مظفرآباد سے جاری ہونے والے نوٹیفکیشن کے مطابق، صدر آزاد جموں و کشمیر نے آزاد جموں اینڈ کشمیر اینٹی ٹیررازم ایکٹ 2014 کی دفعہ 16(1) کے تحت حاصل اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے فعال ارکان کے نام فورتھ شیڈول میں شامل کرنے کی منظوری دی ہے۔اس نوٹیفکیشن کی کاپیاں وفاقی وزارت داخلہ، نادرا، نیکٹا (NACTA)، ایف آئی اے (FIA) سمیت تمام صوبائی اور مقامی انتظامی و پولیس حکام کو ضروری قانونی کارروائی کے لیے ارسال کر دی گئی ہیں۔ اس سے قبل جون 2026ء کے وسط میں ایکشن کمیٹی سے وابستہ تقریباً 150 متحرک کارکنوں اور رہنماؤں کے نام انسدادِ دہشت گردی ایکٹ کے فورتھ شیڈول میں شامل کیے گیے تھے ۔ محکمہ داخلہ آزاد جموں و کشمیر نے کابینہ کی منظوری کے بعد 10 الگ الگ نوٹیفکیشنز کے ذریعے یہ نام فورتھ شیڈول میں شامل کیے۔ اس فہرست میں کمیٹی کے اہم ترین عہدیدار اور متحرک کارکن شامل ہیں۔ یہ افراد پونچھ، سدہنوتی، میرپور، کوٹلی اور باغ سمیت مختلف اضلاع سے تعلق رکھتے ہیں۔19 جون کو جاری نوٹیفکیشن کے مطابق آزادجموں وکشمیرکابینہ کے اجلاس میں نام فورتھ شیڈول میں شامل کرنیکی منظوری دی گئی، شرپسندوں کو آزادجموں و کشمیر اینٹی ٹیررازم ایکٹ2014 کیتحت فورتھ شیڈول میں شامل کیاگیا ہے۔نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ کالعدم کمیٹی کیسرغنہ شوکت نواز، راجہ امجد، انجم زمان اور راجہ شعیب کو فورتھ شیڈول میں شامل کیا گیا ہے۔ ضلع سدھنوتی سے 31، میر پور سے 14، کوٹلی سے15، بھمبر سے10 اور حویلی سے 8 افراد کو فورتھ شیڈول میں شامل کیا گیا ہے۔راولاکوٹ سے 36، باغ سے15، جہلم ویلی سے9 اور ضلع نیلم سے 8 افراد فورتھ شیڈول میں شامل کیے گئے ہیں۔فورتھ شیڈول میں نام آنے والے افراد کی نقل و حرکت اور سرگرمیوں پر قانون نافذ کرنے والے ادارے سخت نظر رکھتے ہیں۔ ان افراد کے مالی لین دین، سفر اور عوامی اجتماعات میں شرکت پر قانونی ضابطوں کے تحت پابندیاں یا شکنجہ کسا جاتا ہے۔