اگلے ہفتے اسپیکر اور وزیراعظم آزاد کشمیر کے انتخاب کا اعلان
اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) وفاقی وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چودھری کا کہنا ہے کہ آزاد کشمیر میں انتخابات کے تینوں مراحل مکمل ہوچکے ہیں، انتخابات میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کو واضح برتری حاصل ہوئی ہے، اگلے ہفتے ہی اسپیکر اور وزیراعظم آزاد کشمیر کا انتخاب بھی مکمل کر لیا جائے گا، آزاد کشمیر میں ایک مستحکم اور مضبوط حکومت قائم ہونے جارہی ہے، موجودہ حالات کے پیش نظر آزاد کشمیر میں مضبوط حکومت کا قیام ضروری ہے۔ ایک بیان میں طارق فضل چودھری نے کہا کہ تیسرے مرحلے کے اختتام پر مسلم لیگ (ن) 24 نشستیں حاصل کر چکی ہے، فارمولے کے تحت 3 خواتین اور 3 دیگر مخصوص نشستیں بھی ن لیگ کو ملیں گی۔ طارق فضل چوہدری نے کہا کہ مخصوص نشستوں میں اوورسیز، ٹیکنوکریٹ اور علماء و مشائخ کی سیٹیں شامل ہیں، مخصوص نشستوں کے بعد مسلم لیگ ن کی کل نشستوں کی تعداد 30 ہو جائے گی۔ اگلے ہفتے آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کا اجلاس بلایا جائے گا، اسمبلی اجلاس میں اراکین کا حلف اور مخصوص نشستوں پر الیکشن ہوگا۔ وفاقی وزیر پارلیمانی امور نے کہا کہ آزاد جموں و کشمیر میں مجموعی طور پر انتخابات صاف، شفاف اور کریڈیبل ہوئے، آزاد کشمیر الیکشن میں کسی بھی بدنظمی یا دھاندلی کی کارروائی کے خلاف زیرو ٹالرنس رہی ہے، شفاف الیکشن سے الیکشن کمیشن، انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ساکھ میں اضافہ ہوا۔