گرین کراچی شجر کاری مہم ‘1 لاکھ درخت لگائیں گے ٗجاوداں فہیم

کراچی(اسٹاف رپورٹر) کراچی میں بڑھتی ہوئی آلودگی، گرین ایریاز میں مسلسل کمی اور درجہ حرارت میں اضافے کے پیش نظر جماعت اسلامی حلقہ خواتین کراچی نے شہر کو سرسبز بنانے کے لیے ایک لاکھ درخت لگانے کی مہم شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔ عام خواتین کو بھی مہم کا حصہ بنایا جائے گا اور شہر کے مختلف علاقوں میں بڑے پیمانے پر شجرکاری کی جائے گی۔جماعت اسلامی حلقہ خواتین کراچی کی ناظمہ جاوداں فہیم نے کہا کہ کراچی کو کنکریٹ کے جنگل میں تبدیل ہونے سے بچانے کے لیے فوری اور مستقل بنیادوں پر شجرکاری کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ صرف پودے لگانا کافی نہیں بلکہ ان کی حفاظت، نگہداشت اور نشوونما کو بھی یقینی بنایا جائے گا تاکہ یہ درخت مستقبل میں شہر کے ماحول کو بہتر بنانے میں مؤثر ثابت ہوں۔انہوں نے کہا کہ اس مہم میں خواتین، نوجوانوں، تعلیمی اداروں اور شہریوں کو شریک کیا جائے گا تاکہ کراچی میں گرین ایریاز میں اضافہ اور ماحولیاتی بہتری کے لیے اجتماعی جدوجہد کی جا سکے۔ جماعت اسلامی حلقہ خواتین کراچی کی گرین کراچی شجر کاری مہم کا مقصد کراچی کو سرسبز اور ماحول کو صاف ستھرا بنانا ہے۔

Similar Posts

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *