کیماڑی: لاپتا 6 سالہ بچی کی لاش جھاڑیوں سے برآمد، اغوا کے بعد قتل کا شبہ

کراچی: کیماڑی کے علاقے منوڑا کچھی لائن کے قریب جھاڑیوں سے 6 سے 7 سالہ بچی کی لاش برآمد ہوئی ہے۔ پولیس نے ابتدائی طور پر اغوا کے بعد قتل کا شبہ ظاہر کرتے ہوئے مختلف پہلوؤں سے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔

پولیس کے مطابق متوفیہ کی شناخت دعا دختر عمر فاروق کے نام سے ہوئی، جو بھٹ آئی لینڈ کی رہائشی تھی۔ بچی گزشتہ بدھ کی دوپہر تقریباً 3 بجے سے لاپتا تھی۔ اہل خانہ اور علاقہ مکینوں نے اسے رات بھر تلاش کیا جبکہ جیکسن تھانے میں بھی ابتدائی رپورٹ درج کرائی گئی تھی۔

ایس ایچ او ماڑی پور عنصر اقبال کے مطابق جمعرات کے روز منوڑا کچھی لائن کے قریب جھاڑیوں سے بچی کی لاش ملی، جسے قانونی کارروائی کے لیے ایدھی ایمبولینس کے ذریعے سول اسپتال ٹراما سینٹر منتقل کیا گیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ بچی کا پوسٹ مارٹم جاری ہے، جس کے بعد موت کی اصل وجہ اور ممکنہ جنسی زیادتی سے متعلق حقائق سامنے آئیں گے۔ ابتدائی شواہد کی بنیاد پر پولیس کو شبہ ہے کہ بچی کو اغوا کرنے کے بعد قتل کیا گیا۔

تحقیقات کے دوران پولیس نے ایک سی سی ٹی وی فوٹیج بھی حاصل کی ہے، جس میں سرخ رنگ کی کیپ پہنے ایک شخص کو بوری اٹھائے جاتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ پولیس فوٹیج کا فرانزک اور تکنیکی جائزہ لے رہی ہے تاکہ ملزم کی شناخت ممکن بنائی جا سکے۔

پولیس حکام کے مطابق جائے وقوعہ اور اطراف سے شواہد اکٹھے کر لیے گئے ہیں جبکہ واقعے میں ملوث ملزمان کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ مقدمہ درج کرنے، واقعے کے محرکات جاننے اور مزید تفتیش کا عمل جاری ہے۔

دوسری جانب سول اسپتال میں موجود رشتہ داروں نے بتایا کہ ابتدا میں انہیں گمان تھا کہ بچی کسی رشتہ دار یا پڑوسی کے گھر گئی ہوگی اور شام تک واپس آ جائے گی، جب وہ واپس نہ آئی تو اہل خانہ نے پوری رات اس کی تلاش جاری رکھی، مگر کوئی سراغ نہ مل سکا۔ اگلے روز اس کی لاش جھاڑیوں سے برآمد ہوئی۔

لواحقین نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حالات میں بچے اور بچیاں محفوظ نہیں رہے، اس لیے والدین کو اپنے بچوں کی حفاظت پر خصوصی توجہ دینی چاہیے۔ انہوں نے اعلیٰ پولیس حکام اور متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا کہ واقعے میں ملوث ملزم کو جلد از جلد گرفتار کرکے سخت قانونی کارروائی کی جائے تاکہ متاثرہ خاندان کو انصاف مل سکے۔

Similar Posts

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *