ایران کا امریکی MQ-9 ریپر ڈرون کو نشانہ بنانے کا دعویٰ
تہران: ایران کے پاسداران انقلاب نے دعویٰ کیا ہے کہ اس کی ایرو اسپیس فورس نے آبنائے ہرمز کی فضائی حدود میں پرواز کرنے والے ایک امریکی MQ-9 ریپر ڈرون کو جدید فضائی دفاعی نظام کے ذریعے نشانہ بنایا ہے۔
ایرانی خبر رساں ادارے فارس کے مطابق پاسداران انقلاب کی ایرو اسپیس فورس کا کہنا ہے کہ فضائی دفاعی نظام نے آبنائے ہرمز کے اوپر پرواز کرنے والے امریکی ڈرون کا بروقت سراغ لگایا اور اس پر کارروائی کی۔
بیان میں دعویٰ کیا گیا کہ یہ کارروائی ایران کی فضائی نگرانی اور دفاعی صلاحیتوں کا حصہ تھی، یہ واضح نہیں کیا گیا کہ ڈرون مکمل طور پر تباہ ہوا، گر کر تباہ ہوا یا صرف اسے نشانہ بنایا گیا۔
ایرانی حکام کی جانب سے واقعے سے متعلق مزید تکنیکی تفصیلات، تصاویر یا ویڈیو جاری نہیں کی گئی جبکہ امریکی فوج اور امریکی سینٹرل کمان (سینٹکام) نے بھی اس دعوے پر فوری طور پر کوئی باضابطہ ردعمل نہیں دیا۔
واضح رہے کہ آبنائے ہرمز دنیا کی اہم ترین بحری گزرگاہوں میں شمار ہوتی ہے، جہاں حالیہ ہفتوں کے دوران فوجی سرگرمیوں اور کشیدگی میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔ اس اہم بحری راستے میں پیش آنے والے واقعات پر عالمی برادری گہری نظر رکھے ہوئے ہے۔