ناروے کے وزیر خارجہ آج 2روزہ دورے پر پاکستان پہنچیں گے
اسلام آباد(صباح نیوز) نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کی دعوت پر ناروے کے وزیر خارجہ 13 سے 14 اگست 2026 تک پاکستان کا سرکاری دورہ کریں گے۔ دفتر خارجہ کے مطابق گزشتہ ایک دہائی کے دوران ناروے کے کسی وزیر خارجہ کا یہ پاکستان کا پہلا دورہ ہوگا۔ دورے کے دوران نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور ناروے کے وزیر خارجہ وفود کی سطح پر مذاکرات کریں گے، جن میں پاکستان اور ناروے کے درمیان دوطرفہ تعلقات کے تمام اہم پہلوؤں کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا۔ دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق مذاکرات میں تجارت اور سرمایہ کاری سمیت مختلف اقتصادی شعبوں میں دوطرفہ تعاون بڑھانے کے امکانات پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔ اس کے علاوہ موسمیاتی تبدیلی، تعلیم اور عوامی روابط کے شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال ہوگا۔ دونوں وزرائے خارجہ ملاقات کے دوران اہم علاقائی اور بین الاقوامی پیش رفت پر بھی اپنے اپنے مؤقف اور خیالات کا تبادلہ کریں گے، جبکہ باہمی دلچسپی کے دیگر امور بھی زیر بحث آئیں گے۔