پیپلز پارٹی کی سیاست کا مرکز اقتدار نہیں،شرجیل انعام میمن
کراچی(اسٹاف رپورٹر)سندھ کے سینئر وزیر اور صوبائی وزیر برائے اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ سندھ میں پیپلز پارٹی کی سیاست کا مرکز اقتدار نہیں بلکہ عوام ہیں، سندھ حکومت کے عوامی خدمت کا سفر کسی سیاسی دباؤ یا پروپیگنڈے سے نہیں رکے گا، جو لوگ عوام میں جانے سے گھبراتے ہیں وہ سوشل میڈیا اور پروپیگنڈہ کے ذریعے سیاست کرتے ہیں۔ ایک بیان میں سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی سیاست ہمیشہ سے عوام کے لئے اور عوام کے درمیان رہی ہے، ہمیں حکومت چلانے کے لیے کسی سے سیاسی سرٹیفکیٹ کی ضرورت نہیں، ہمارا سرٹیفکیٹ سندھ کے عوام کا مینڈیٹ ہے، سندھ حکومت عوامی مینڈیٹ کی محافظ ہے۔ انہوں نے کہا کہ مخالفین اپنی ناکامیوں کا ملبہ پیپلز پارٹی پر ڈالنے کے بجائے اپنی کارکردگی دکھائیں ، سیاسی الزام تراشیوں اور پروپیگنڈہ کا جواب ہم اپنی کارکردگی اور عوامی خدمت کے ذریعے دیتے رہیں گے۔ شرجیل انعام میمن نے کہا کہ سندھ کے عوام نے بار بار پیپلز پارٹی پر اعتماد کیا ، سندھ حکومت اس اعتماد کو کارکردگی سے مضبوط کر رہی ہے، پاکستان پیپلز پارٹی نفرت، تقسیم اور الزام تراشی کے بجائے عوامی خدمت، جمہوریت اور ترقی کی سیاست پر یقین رکھتی ہے۔