رائٹ سائزنگ پالیسی پر وفاقی حکومت کا بڑا اقدام، تمام وزارتوں سے بھرتیوں کا ریکارڈ طلب
اسلام آباد(رضوان عباسی): رائٹ سائزنگ پالیسی پر بھرتیوں کی تفصیلات طلب کرتے ہوئے وفاقی حکومت نے تمام وزارتوں، ڈویژنز، ماتحت اداروں اور ریاستی ملکیتی اداروں (SOEs) کو یکم جولائی 2024 سے اب تک ہونے والی تمام بھرتیوں کا مکمل ریکارڈ فراہم کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔
ذرائع کے مطابق یہ اقدام وفاقی کابینہ کے فیصلے کی روشنی میں کیا گیا ہے تاکہ رائٹ سائزنگ پالیسی پر عمل درآمد اور سرکاری اداروں میں بھرتیوں پر عائد پابندی کے فیصلوں کا جامع جائزہ لیا جا سکے۔
اس سلسلے میں کابینہ ڈویژن نے تمام وفاقی وزارتوں، ڈویژنز، ریگولیٹری اتھارٹیز، ماتحت اداروں اور ریاستی ملکیتی اداروں کو باضابطہ مراسلہ ارسال کر دیا ہے۔ مراسلے میں ہدایت کی گئی ہے کہ یکم جولائی 2024 کے بعد ہونے والی تمام تقرریوں کی مکمل تفصیلات 3 اگست تک کابینہ ڈویژن کو ارسال کی جائیں۔
رائٹ سائزنگ پالیسی پر بھرتیوں کی تفصیلات کی بنیاد پر حکومت اس بات کا جائزہ لے گی کہ مختلف اداروں نے وفاقی کابینہ کی جانب سے جاری کردہ ہدایات اور بھرتیوں سے متعلق پابندیوں پر کس حد تک عمل کیا۔
مراسلے میں کہا گیا ہے کہ وفاقی کابینہ کے فیصلوں کے بعد کابینہ ڈویژن، اسٹیبلشمنٹ ڈویژن اور وزارتِ خزانہ مختلف اوقات میں متعلقہ اداروں کو بھرتیوں سے متعلق پالیسی اور پابندیوں سے آگاہ کرتے رہے ہیں۔ اب تمام اداروں سے موصول ہونے والے اعداد و شمار کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اس عمل کا مقصد حکومتی اخراجات میں کمی، ادارہ جاتی اصلاحات، افرادی قوت کے مؤثر استعمال اور رائٹ سائزنگ پالیسی پر مکمل عمل درآمد کو یقینی بنانا ہے۔
حکومتی ذرائع کے مطابق وزارتوں اور اداروں سے موصول ہونے والی رپورٹس کی روشنی میں آئندہ حکمت عملی اور ضروری فیصلے کیے جائیں گے۔