4 اگست تعطیل کا اعلان، کن دفاتر میں چھٹی ہوگی؟
لاہور: 4 اگست تعطیل کے حوالے سے پنجاب حکومت نے اہم اعلان کرتے ہوئے حضرت داتا گنج بخشؒ کے 983ویں سالانہ عرس کے موقع پر لاہور میں ایک روزہ مقامی تعطیل کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔
سرکاری اعلامیے کے مطابق یہ تعطیل صرف ڈپٹی کمشنر لاہور کے ماتحت کام کرنے والے ضلعی دفاتر اور متعلقہ ضلعی سرکاری اداروں پر لاگو ہوگی۔ اس دوران ان دفاتر میں معمول کے سرکاری امور انجام نہیں دیے جائیں گے۔
پنجاب حکومت نے واضح کیا ہے کہ پنجاب سول سیکرٹریٹ، خودمختار ادارے اور دیگر صوبائی سرکاری محکمے معمول کے مطابق کھلے رہیں گے اور ان کے دفتری معاملات میں کوئی تبدیلی نہیں ہوگی۔
حضرت داتا گنج بخشؒ کے سالانہ عرس کے موقع پر ملک بھر سے ہزاروں عقیدت مند لاہور پہنچ رہے ہیں، جس کے پیش نظر انتظامیہ نے سکیورٹی، ٹریفک، صفائی اور دیگر شہری سہولیات کے خصوصی انتظامات مکمل کر لیے ہیں۔
دوسری جانب محکمہ داخلہ پنجاب نے حضرت امام حسینؓ کے چہلم اور حضرت داتا گنج بخشؒ کے عرس کے موقع پر امن و امان برقرار رکھنے کے لیے جامع سکیورٹی پلان بھی نافذ کر دیا ہے۔
ترجمان محکمہ داخلہ کے مطابق صوبے بھر میں چہلم کے موقع پر 869 مجالس اور 494 جلوس منعقد ہوں گے۔ سکیورٹی کے لیے پولیس کے ساتھ پاک فوج اور رینجرز کی 43 کمپنیاں پنجاب کے 18 اضلاع میں تعینات کی جائیں گی تاکہ عزاداروں اور زائرین کو محفوظ ماحول فراہم کیا جا سکے۔
انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ سکیورٹی اداروں سے تعاون کریں اور کسی بھی غیر معمولی صورتحال کی اطلاع فوری طور پر متعلقہ حکام کو دیں۔