| |

کراچی: میر رضا علی قتل کیس میں نئی سی سی ٹی وی فوٹیجز نے تفتیش کا رخ بدل دیا

کراچی کے علاقے گلستانِ جوہر میں نوجوان میر رضا علی خان کے قتل کی تحقیقات میں نئی پیش رفت سامنے آئی ہے۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق تازہ سی سی ٹی وی فوٹیجز نے واقعے سے قبل اور بعد کی اہم سرگرمیوں کو مزید پیچیدہ بنا دیا ہے، جبکہ پولیس کو ملنے والے شواہد نے تفتیش کے کئی نئے پہلو کھول دیے ہیں۔

تحقیقاتی ذرائع کے مطابق ایک ویڈیو میں میر رضا علی کو رات 10 بج کر 43 منٹ پر ایک دراز سے پستول نکال کر اپنی گاڑی میں رکھتے ہوئے دیکھا گیا۔

بعد ازاں دوسری فوٹیج میں وہ صبح 4 بج کر 38 منٹ پر جائے وقوع کے قریب اکیلے جاتے دکھائی دیتے ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ وہ گھر سے آن لائن ٹیکسی کے ذریعے اس مقام تک پہنچے تھے۔

اُدھر جائے وقوع سے میر رضا علی کا موبائل فون برآمد ہوا، تاہم پستول نہیں ملا۔ مزید یہ کہ پولیس کو ان کے نام پر کسی بھی اسلحے کا لائسنس یا رجسٹریشن ریکارڈ نہیں ملا۔

تفتیش کاروں نے بتایا کہ مقتول کو سینے میں لگنے والی گولی 30 بور پستول کی تھی، جبکہ غائب ہونے والا اسلحہ بھی اسی نوعیت کا بتایا جا رہا ہے۔

پولیس ذرائع نے مزید بتایا کہ جائے وقوع سے کسی گولی کا خول نہیں ملا، جس سے تحقیقات مزید پیچیدہ ہوگئی ہیں۔

اسی اثنا میں ایک اور اہم سی سی ٹی وی ویڈیو سامنے آئی ہے، جس میں 29 جولائی کی رات 3 بج کر 36 منٹ پر ایک موٹر سائیکل لاش ملنے والی جگہ پر تقریباً 22 سیکنڈ تک رکی دکھائی دیتی ہے۔

تفتیش کاروں کو شبہ ہے کہ اسی دوران ملزمان نے میر رضا علی کی لاش وہاں پھینکی اور ممکنہ طور پر پستول کا ہولسٹر بھی وہیں چھوڑ گئے۔ واقعے کے مختلف پہلوؤں کی مزید چھان بین جاری ہے۔

Similar Posts

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *