بجلی چوری کے خاتمے کے لیے اسمارٹ میٹرز کی تنصیب تیز کی جائے، وزیراعظم شہباز شریف

اسلام آباد: اسمارٹ میٹرز کی تنصیب کے عمل کو تیز کرنے اور بجلی چوری کے مکمل خاتمے کے لیے وزیراعظم شہباز شریف نے متعلقہ اداروں کو سخت اقدامات کی ہدایت جاری کر دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاور سیکٹر میں اصلاحات حکومت کی اولین ترجیح ہیں اور بجلی کے نظام میں شفافیت لانے کے لیے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال ناگزیر ہے۔

وزیراعظم کی زیر صدارت پاور ڈویژن کے امور پر ہونے والے اعلیٰ سطحی اجلاس میں بجلی تقسیم کار کمپنیوں کی کارکردگی، بجلی چوری کی روک تھام، صارفین کو بہتر سہولیات کی فراہمی اور جاری اصلاحاتی اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ اسمارٹ میٹرز کی تنصیب کو ملک بھر میں تیز کیا جائے تاکہ بجلی کے استعمال کی مؤثر نگرانی، درست بلنگ اور لائن لاسز میں کمی ممکن بنائی جا سکے۔ انہوں نے بجلی چوری کے خاتمے کے لیے ہر سطح پر سخت اور مؤثر اقدامات کرنے کی بھی ہدایت کی۔

وزیراعظم نے تمام بجلی تقسیم کار کمپنیوں (ڈسکوز) کے بلنگ سسٹم کا ٹیکنیکل آڈٹ کرانے، واضح کارکردگی کے اشاریے (KPIs) مقرر کرنے اور مقررہ مدت کے اندر اہداف حاصل کرنے کی ہدایت بھی جاری کی۔

انہوں نے اعلان کیا کہ بہترین کارکردگی دکھانے والی بجلی تقسیم کار کمپنی کو خصوصی اعزاز دیا جائے گا تاکہ اداروں کے درمیان صحت مند مقابلے اور بہتر کارکردگی کا رجحان فروغ پائے۔

اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ مالی سال 2025-26 کے دوران آئیسکو، لیسکو، گیپکو، فیسکو اور میپکو نے 100 فیصد ریکوری حاصل کی، جبکہ اسلام آباد، لاہور اور گوجرانوالہ کی کمپنیوں نے ٹرانسمیشن اور ڈسٹری بیوشن نقصانات میں بھی نمایاں کمی کی۔

حکام نے اجلاس کو آگاہ کیا کہ بجلی چوری کی روک تھام اور ریکوری بہتر بنانے کے لیے حیدرآباد، سکھر، لاہور، ملتان اور ہزارہ میں ڈسکو سپورٹ یونٹس قائم کیے جا چکے ہیں۔

بریفنگ کے مطابق ایسٹ پرفارمنس مینجمنٹ سسٹم (APMS) کی تنصیب کا پہلا مرحلہ 30 ستمبر 2026 تک مکمل کیا جائے گا، جس سے بجلی چوری، تکنیکی نقصانات اور لوڈشیڈنگ میں کمی لانے میں مدد ملے گی۔

اجلاس میں یہ بھی بتایا گیا کہ ملتان، لاہور، پشاور، ہزارہ اور کوئٹہ ریجنز میں 16.2 ملین سنگل فیز اے ایم آئی (AMI) اسمارٹ میٹرز نصب کرنے کا منصوبہ زیر غور ہے، جس سے بجلی کے استعمال اور ریکوری کے نظام کو مزید مؤثر بنایا جائے گا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے دیہی علاقوں میں بجلی کی فراہمی بہتر بنانے کے لیے گاؤں کی سطح پر سولرائزیشن منصوبے تیار کرنے کی بھی ہدایت کی اور کہا کہ توانائی کے شعبے میں جدید اصلاحات سے ہی عوام کو دیرپا ریلیف فراہم کیا جا سکتا ہے۔

Similar Posts

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *