سعودی فالکن وژن گروپ کی پاکستان میں سرمایہ کاری میں دلچسپی، اہم شعبوں پر توجہ
اسلام آباد: سعودی فالکن وژن گروپ کی پاکستان میں سرمایہ کاری سے متعلق اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ سعودی عرب کے معروف فالکن وژن گروپ نے پاکستان میں 10 ارب ڈالر تک سرمایہ کاری میں دلچسپی ظاہر کرتے ہوئے انفراسٹرکچر، ٹیکنالوجی اور دیگر ترقیاتی شعبوں میں سرمایہ کاری کے امکانات کا جائزہ لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر برائے بورڈ آف انویسٹمنٹ قیصر احمد شیخ سے سعودی فالکن وژن گروپ اور دیگر غیر ملکی سرمایہ کاروں کے وفد نے ملاقات کی، جس میں پاکستان میں سرمایہ کاری کے مختلف مواقع پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران سعودی فالکن وژن گروپ کی پاکستان میں سرمایہ کاری کے حوالے سے مختلف منصوبوں پر غور کیا گیا۔ وفد نے بالخصوص انفراسٹرکچر، ٹیکنالوجی اور رئیل اسٹیٹ کے شعبوں میں سرمایہ کاری میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔
وفاقی وزیر قیصر احمد شیخ نے سرمایہ کاروں کو یقین دلایا کہ حکومت سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے ہر ممکن سہولت فراہم کر رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بورڈ آف انویسٹمنٹ سرمایہ کار دوست پالیسیوں پر عمل پیرا ہے، جبکہ بزنس فیسلیٹیشن سینٹرز کے ذریعے ون ونڈو آپریشن کے تحت سرمایہ کاروں کو تمام ضروری سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کو 100 فیصد منافع بیرون ملک منتقل کرنے کی اجازت حاصل ہے، جو سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافے کا باعث بن رہی ہے۔
اجلاس کے دوران جے سیون ایمپوریئم کے مالک مقبول حسین نے بھی مختلف رئیل اسٹیٹ منصوبوں پر بریفنگ دی، جبکہ چکوال میں جدید شاپنگ مال کے قیام اور گندھارا کلب منصوبے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ حکام کے مطابق یہ منصوبے نہ صرف سرمایہ کاری بلکہ سیاحت اور مقامی معیشت کے فروغ میں بھی اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔
وفاقی وزیر نے اس موقع پر اوورسیز پاکستانیوں اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کی بڑھتی ہوئی دلچسپی کو ملکی معیشت کے لیے خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ حکومت سرمایہ کاری کے ماحول کو مزید بہتر بنانے کے لیے اصلاحات کا عمل جاری رکھے ہوئے ہے۔