مون سون بارشوں کا آخری سپیل، پنجاب کے بیشتر اضلاع کیلئے الرٹ جاری
لاہور: پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے صوبے میں مون سون بارشوں کا آخری سپیل شروع ہونے کے حوالے سے الرٹ جاری کردیا ہے۔ محکمہ کی جانب سے جاری پیشگوئی کے مطابق 12 سے 17 ستمبر کے دوران پنجاب کے بیشتر اضلاع میں بارش ہونے کا امکان ہے، جبکہ بعض علاقوں میں شہری اور برساتی سیلاب کا خطرہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق 12 سے 17 ستمبر کے دوران راولپنڈی، جہلم، چکوال، تلہ گنگ اور اٹک میں بارش متوقع ہے۔ شہریوں اور متعلقہ اداروں کو موسمی صورتحال کے پیش نظر ضروری احتیاطی اقدامات کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
اسی طرح 14 سے 17 ستمبر کے دوران لاہور، سیالکوٹ، شیخوپورہ، نارووال، منڈی بہاؤالدین، گوجرانوالہ، گجرات، وزیرآباد، حافظ آباد، قصور، اوکاڑہ، ننکانہ صاحب اور سرگودھا میں بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
پی ڈی ایم اے کی پیشگوئی میں خوشاب، میانوالی، نورپور تھل، فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، لیہ، بھکر، ساہیوال، ڈیرہ غازی خان، ملتان اور ملحقہ علاقوں کو بھی شامل کیا گیا ہے۔ ان علاقوں میں بھی 14 سے 17 ستمبر کے دوران بارش ہونے کا امکان ہے۔
پی ڈی ایم اے کے ڈی جی سیف انور جپہ نے ممکنہ خطرات کے حوالے سے بتایا کہ مری، گلیات اور دیگر پہاڑی علاقوں میں بارش کے باعث لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ موجود ہے۔ دوسری جانب راولپنڈی، لاہور، گوجرانوالہ اور فیصل آباد میں شہری سیلاب جبکہ برساتی نالوں میں طغیانی اور فلیش فلڈنگ کا خطرہ بھی پیدا ہوسکتا ہے۔
متعلقہ اداروں کو موسمی صورتحال پر نظر رکھنے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ضروری انتظامات مکمل رکھنے کی ضرورت پر زور دیا گیا ہے۔ شہریوں کو بھی بارش کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز، نشیبی علاقوں میں احتیاط اور برساتی نالوں کے قریب جانے سے اجتناب کرنے کا مشورہ دیا جاتا ہے۔
یوں پنجاب میں ستمبر کے دوران متوقع یہ بارشیں مون سون کے نویں اور آخری سپیل کے طور پر سامنے آرہی ہیں، جس کے باعث صوبے کے مختلف اضلاع میں آئندہ چند روز کے دوران موسم میں نمایاں تبدیلی متوقع ہے۔