کاروباری افراد کی مشکل آسان، کے پی آر اے نے اہم سہولت متعارف کرا دی
پشاور: ٹیکس دہندگان اور کاروباری افراد کے لیے اہم سہولت متعارف کرا دی گئی، خیبرپختونخوا ریونیو اتھارٹی نے کیپرا سہولت ایپ لانچ کردی ہے، جس کے ذریعے شہری سیلز ٹیکس سے متعلق مختلف خدمات تک براہ راست ڈیجیٹل رسائی حاصل کرسکیں گے۔
خیبرپختونخوا ریونیو اتھارٹی (کے پی آر اے) کے مطابق نئی موبائل ایپلی کیشن کا مقصد ٹیکس نظام میں شفافیت کو فروغ دینا اور شہریوں، ٹیکس دہندگان اور کاروباری طبقے کے لیے خدمات تک رسائی آسان بنانا ہے۔
ڈی جی کے پی آر اے نے بتایا کہ کیپرا سہولت ایپ گوگل پلے اسٹور پر مفت ڈاؤن لوڈ کے لیے دستیاب ہے، جبکہ آئی فون استعمال کرنے والوں کے لیے اس کا آئی او ایس ورژن بھی جلد ایپل ایپ اسٹور پر جاری کیے جانے کا امکان ہے۔
اہم بات یہ ہے کہ یہ ایپ کسی بیرونی ادارے سے تیار نہیں کرائی گئی بلکہ کے پی آر اے کی اپنی آئی سی ٹی ٹیم نے اسے تیار کیا ہے۔ اس پلیٹ فارم کے ذریعے شہری روزمرہ خریداری اور مختلف سروسز سے متعلق ٹیکس رسیدوں کی تصدیق بھی کرسکیں گے۔
ایپ کی نمایاں سہولتوں میں کیو آر کوڈ کے ذریعے رسید کی فوری تصدیق شامل ہے۔ شہری ریسٹورنٹس اور دیگر سروس فراہم کرنے والے اداروں کے بل پر موجود کیو آر کوڈ اسکین کرکے رسید کی تصدیق کرسکتے ہیں۔ اگر کسی رسید کے بارے میں شبہ ہو یا وہ غیر تصدیق شدہ معلوم ہو تو صارف اسی ایپ کے ذریعے متعلقہ رپورٹ بھی درج کراسکتا ہے۔
کیپرا سہولت ایپ کے ذریعے شہری این ٹی این کے ساتھ رجسٹرڈ کاروباری اداروں اور کمپنیوں کی تصدیق بھی کرسکیں گے۔ اس کے علاوہ صارفین کی جانب سے درج کرائی گئی شکایات اور تحفظات کی پیش رفت بھی آن لائن دیکھی جاسکے گی۔
کے پی آر اے حکام کے مطابق اس ڈیجیٹل پلیٹ فارم کے ذریعے ٹیکس دہندگان اور کاروباری طبقے کو زیادہ سہولت فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ ٹیکس نظام میں اعتماد اور شفافیت کو بھی بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔ نئی ایپ شہریوں کو مختلف معاملات کے لیے روایتی طریقہ کار پر انحصار کم کرکے ڈیجیٹل ذرائع استعمال کرنے کا موقع فراہم کرے گی۔