ہمارے مشترکہ مفادات اور تقدیریں پہلے سے زیادہ جڑی ہیں، ایرانی صدر کا پاکستان کے یوم آزادی پر پیغام
ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے پاکستان کے یومِ آزادی کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ ایران اور پاکستان کے مشترکہ مفادات اور دونوں ممالک کی تقدیریں پہلے سے کہیں زیادہ ایک دوسرے سے جڑی ہوئی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے یومِ آزادی کا دن پاکستانی قوم کی کامیابیوں کو خراجِ تحسین پیش کرنے اور ایران پاکستان کے دیرینہ و تزویراتی تعلقات کو مزید مضبوط اور وسیع کرنے کا ایک اہم موقع ہے۔
مسعود پزشکیان نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ایران، پاکستان کے ساتھ جامع تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے لیے پُرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ باہمی اعتماد، احترام اور دونوں ممالک میں موجود وسیع صلاحیتوں سے بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے دوطرفہ تعلقات کے فروغ کے لیے مزید مؤثر اقدامات کیے جا سکتے ہیں۔
ایرانی صدر کے مطابق موجودہ حالات میں ایران اور پاکستان کے درمیان مزید ہم آہنگی اور تعاون کی ضرورت پہلے سے کہیں زیادہ بڑھ گئی ہے، کیونکہ دونوں ممالک کے مشترکہ مفادات اور مستقبل باہم گہرے طور پر وابستہ ہیں۔
انہوں نے پاکستان کی ترقی، خوشحالی اور سربلندی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ ایران اور پاکستان کے دیرینہ، برادرانہ اور دوستانہ تعلقات مزید مضبوط اور مستحکم ہوں۔