وائٹ ہاؤس نے ٹرمپ اور وزیر دفاع کے درمیان اختلافات کی خبروں کو مسترد کر دیا
واشنگٹن: وائٹ ہاؤس نے ان میڈیا رپورٹس کی سختی سے تردید کر دی ہے جن میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور وزیر دفاع پیٹ ہیگستھ کے درمیان ایران سے متعلق پالیسی پر اختلافات پیدا ہو گئے ہیں۔
وائٹ ہاؤس کی ترجمان کیرولین لیویٹ نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا کہ واشنگٹن پوسٹ کی رپورٹ مکمل طور پر غلط ہے اور اس میں بیان کیا گیا واقعہ کبھی پیش نہیں آیا، وہ خود کیمپ ڈیوڈ میں ٹرمپ اور وزیر دفاع پیٹ ہیگستھ کے ساتھ موجود تھیں، اس لیے وہ یقین سے کہہ سکتی ہیں کہ رپورٹ میں کیے گئے دعوے بے بنیاد ہیں۔
کیرولین لیویٹ کے مطابق وائٹ ہاؤس نے متعدد بار واشنگٹن پوسٹ کو آگاہ کیا تھا کہ اس کی رپورٹ درست نہیں، اس کے باوجود خبر شائع کی گئی، بعض میڈیا ادارے مسلسل وزیر دفاع پیٹ ہیگستھ کو تنقید کا نشانہ بنانے کی کوشش کر رہے ہیں جبکہ ٹرمپ ان پر مکمل اعتماد رکھتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ٹرمپ وزیر دفاع کی کارکردگی سے مطمئن ہیں، انہیں پسند کرتے ہیں اور سمجھتے ہیں کہ وہ اپنی ذمہ داریاں مؤثر انداز میں انجام دے رہے ہیں۔
واضح رہے کہ واشنگٹن پوسٹ نے اپنی رپورٹ میں دعویٰ کیا تھا کہ ایران سے متعلق حالیہ جنگ اور امریکی پالیسی کے حوالے سے ٹرمپ اور وزیر دفاع کے درمیان اختلافات سامنے آئے تھے، وائٹ ہاؤس نے ان تمام دعوؤں کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا ہے۔