پاک چین تعاون کے نئے اہداف‘ اسحاق ڈار نے سفیر خلیل ہاشمی کو اہم ٹاسک سونپ دیا

اسلام آباد(صباح نیوز) نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے چین میں پاکستان کے سفیر خلیل ہاشمی کو ہدایت کی ہے کہ وہ چینی وزیر خارجہ وانگ یی کے ساتھ شنگھائی میں ہونے والی حالیہ ملاقات کے دوران طے پانے والی مفاہمتوں پر فعال اور مؤثر انداز میں عملدرآمد کو یقینی بنائیں۔ دفتر خارجہ کے مطابق نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سے چین میں پاکستان کے سفیر خلیل ہاشمی نے ملاقات کی، جس میں پاک چین دوطرفہ تعلقات، باہمی تعاون اور حالیہ سفارتی پیش رفت پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اسحاق ڈار نے اس موقع پر زور دیا کہ پاکستان اور چین کے درمیان ہمہ موسمی تزویراتی تعاون پر مبنی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے لیے دونوں ممالک کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری، مصنوعی ذہانت (اے آئی)، ابھرتی ہوئی جدید ٹیکنالوجیز اور دیگر باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان چین کے ساتھ اپنے اسٹریٹجک تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے اور دونوں ممالک کے درمیان طے پانے والے فیصلوں پر بروقت اور مؤثر عملدرآمد سے دوطرفہ تعاون کو نئی وسعت ملے گی۔ نائب وزیراعظم نے سفیر خلیل ہاشمی کو متعلقہ اداروں کے ساتھ قریبی رابطہ رکھ کر تمام مفاہمتوں کی پیش رفت کو تیز کرنے کی ہدایت بھی کی۔ ملاقات میں پاک چین تعلقات کو مزید مستحکم بنانے اور مختلف شعبوں میں عملی تعاون بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔

Similar Posts

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *