پی ٹی آئی کا 5 اگست کو ملک گیر یوم سیاہ منانے کا اعلان
کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری جنرل بیرسٹر سلمان اکرم راجانے اعلان کیا کہ 5 اگست کو عمران خان کی ناحق قید کو 3 سال مکمل ہوں گے5 اگست کو ملک بھر میں یومِ سیاہ منایا جائے گااور پوری قوم سے اپیل کی کہ وہ اپنی آواز بلند کرتے ہوئے عمران خان کی رہائی، آئین، جمہوریت اور عوامی مینڈیٹ کی بحالی، مہنگائی کے خاتمے کی جدوجہد میں بھرپور حصہ لے۔ انہوں نے کہا کہعمران خان ملک کی حقیقی آزادی کی جدوجہد کی علامت ہیں، عمران خان گزشتہ 3 برس سے ناحق پابند سلاسل ہیں اور ان کی رہائی کیلیے پاکستان تحریک انصاف پورے ملک میں پرامن اور آئینی جدوجہد جاری رکھے گی۔تفصیلات کے مطابق بیرسٹر سلمان اکرم راجا گزشتہ روز کراچی پہنچے جہاں انہوں نے پاکستان تحریک انصاف سندھ کے صدر حلیم عادل شیخ سے ان کے بھائی کے انتقال پر اظہار تعزیت کیا، مرحوم کے درجات کی بلندی اور اہل خانہ کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔ بعد ازاں بیرسٹر سلمان اکرم راجا نے پی ٹی آئی سندھ کی قیادت اور تنظیمی عہدیداروں سے اہم ملاقاتیں کیں، جن میں ملک اور خصوصاً سندھ کی موجودہ سیاسی صورتحال، تنظیمی امور اور آئندہ کے لائحہ عمل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر بیرسٹر سلمان اکرم راجا نے میڈیا سے گفتگو میں سندھ حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ گزشتہ 78 برسوں کے دوران سندھ کے وسائل کو بری طرح نقصان پہنچایا گیا۔ سندھ کا کاشتکار اور ہاری شدید مشکلات سے دوچار ہے، انہیں آبپاشی کے لیے پانی میسر نہیں، جبکہ صوبے کی سڑکوں اور بنیادی انفراسٹرکچر کی حالت انتہائی خراب ہو چکی ہے۔ انہوں نے سندھ کے عوام سے اپیل کی کہ وہ اپنے آئینی اور جمہوری حقوق کیلیے آواز بلند کریں اور پاکستان تحریک انصاف کی حقیقی آزادی کی تحریک کا حصہ بنیں۔ انہوں نے کہا کہ آئین پاکستان کے آرٹیکل 15، 17 اور 19 ہر شہری کو نقل و حرکت، تنظیم سازی اور اظہارِ رائے کی آزادی کا بنیادی حق دیتے ہیں، جن کا تحفظ ہر صورت یقینی بنایا جانا چاہیے۔ اس موقع پر پی ٹی آئی کراچی کے صدر راجا اظہر، جنرل سیکرٹری ارسلان خالد، پی ٹی آئی سندھ کے رہنما، کراچی ڈویژن کے رہنما، اراکین سندھ اسمبلی، انصاف لائرز فورم، وومن ونگ، یوتھ ونگ اور پارٹی کے دیگر عہدیداران و کارکنان بھی موجود تھے۔